وفاق سمیت پنجاب میں بیورو کریسی میں وسیع پیمانے پر تبادلوں کا امکان

وفاقی سیکرٹری داخلہ کیلئے مومن آغا یا کیپٹن (ر)خرم آغا کے ناموں جبکہ ڈی جی ایف آئی اے کیلئے ڈاکٹر عثمان انور ہارٹ فیورٹ اور آئی جی پنجاب کیلئے بلال صدیق کمیانہ کانام زیر غورہے

Faisal Alvi فیصل علوی منگل 26 مارچ 2024 16:03

لاہور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔26 مارچ2024 ء) وفاق سمیت پنجاب میں بیورو کریسی میں وسیع پیمانے پر تبادلوں کا امکان ،کئی اہم عہدوں کیلئے رابطوں کا سلسلہ شروع کر دیاگیا ہے،وفاقی سیکرٹری داخلہ،ڈی جی ایف آئی اے اور آئی جی پنجاب کیلئے متعدد ناموں پر غور کیا جا رہا ہے ۔ذرائع کے مطابق وفاقی سیکرٹری داخلہ کیلئے مومن آغایا کیپٹن (ر)خرم آغاکے ناموں پر غور کیا جا رہا ہے دونوںشخصیات میں سے کسی ایک کو وفاقی سیکرٹری داخلہ تعینات کیا جائیگا۔

ڈی جی ایف آئی اے کیلئے بھی پنجاب پولیس کے موجودہ آئی جی ڈاکٹر عثمان انور ہارٹ فیورٹ شمار کئے جا رہے ہیں ۔ ڈاکٹر عثمان انور کو ڈی جی ایف آئی اے تعینات کئے جانے کا امکان ہے جبکہ پنجاب پولیس کا نیا سربراہ کون ہوگا اس سلسلے میں کئی اہم نام سامنے آگئے ہیں ۔

(جاری ہے)

ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ آئی جی پنجاب بننے کی دوڑ میں سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ کا نام سرفہرست ہے جبکہ سابق ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی، سابق آئی جی بلوجستان رائے طاہر بھی آئی جی پنجاب کی دوڑ میں شامل ہیں اورسابق سی سی پی او لاہور ذوالفقار حمید کا نام بھی آئی جی پنجاب کیلئے لیا جا رہا ہے ۔

آئی جی اسلام آباد اور کمشنر اسلام آباد کی تبدیلی اگلے مرحلے میں ہوگی۔ اسلام آباد کے دونوں بڑے عہدوں کیلئے مختلف امیدواروں کے نام زیر غور ہیں اور اس حوالے سے مختلف پولیس اور ڈی ایم جی افسران نے اہم ترین تعیناتی حاصل کرنے کیلئے کوششیں تیز کر دی ہیں۔خیال رہے کہ وفاق اور پنجاب میں نئی حکومتوں کے قیام کے بعد بیوروکریسی میں وسیع پیمانے پر تقرر و تبادلے کئے گئے تھے۔

ریڈ21 کے طارق رشید سینئر جوائنٹ سیکرٹری داخلہ، گریڈ21 کے سید مجتبیٰ حسین سینئرجوائنٹ سیکرٹری آبی وسائل ،گریڈ20 کے عثمان سروش علوی جوائنٹ سیکرٹری مواصلات جبکہ گورنر پنجاب کے پرنسپل سیکرٹری نبیل احمد اعوان کو تبدیل کر دیا گیااور ان کی جگہ کیپٹن (ر) ثاقب ظفر پرنسپل سیکرٹری گورنر پنجاب تعینات کر دیاگیا۔افتخار علی ساہو کوسیکرٹری زراعت پنجاب،نور الامین مینگل کو سیکرٹری ہوم ڈیپارٹمنٹ تعینات اورمحمد عثمان چیف ایگزیکٹو آفیسر پنجاب پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ اتھارٹی جبکہ عظم اقبال سپرا سیکرٹری خوراک پنجاب تعینات کیا گیا تھا۔

یاد رہے کہ پنجاب میں نئی حکومت کے قیام کے ساتھ ہی بڑے پیمانے پر بیورو کریسی میں اکھاڑ پچھاڑ کا فیصلہ کیا گیا تھااورکئی اہم محکموں کے سیکرٹریز،ڈپٹی سیکرٹریز،کمشنرز سمیت دیگر اہم عہدوں پر تبادلوں کا پلان بنایاگیا تھا۔