بشام دہشتگردی، صدر، وزیرِ اعظم و بلاول کی مذمت

پاکستان دشمن قوتیں پاک چین دوستی کو نقصان پہنچانے میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گی، بیان

منگل 26 مارچ 2024 16:33

بشام دہشتگردی، صدر، وزیرِ اعظم و بلاول کی مذمت
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مارچ2024ء) صدرِ مملکت آصف علی زرداری، وزیرِ اعظم شہباز شریف اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بشام میں چینی باشندوں پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ پاکستان دشمن قوتیں پاک چین دوستی کو نقصان پہنچانے میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گی۔ ایوان صدر سے جاری کیے گئے بیان میں صدرِ مملکت آصدر زرداری نے حملے میں چینی باشندوں کی ہلاکت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔

صدرِ مملکت نے ہلاک چینی باشندوں کے اہلِ خانہ اور چینی حکومت سے اظہارِ تعزیت بھی کیا ہے۔انہوںنے کہاکہ پاکستان دشمن قوتیں پاک چین دوستی کو نقصان پہنچانے میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گی۔جاری کیے گئے بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے خودکش حملے میں چینی باشندوں کی ہلاکت پر اظہارِ افسوس کیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ بشام دہشت گردی کے منصوبہ سازوں اور سہولت کاروں کو بے نقاب کر کے سخت سزا دی جائے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بشام واقعے کے مجرم سزا سے بچ نہیں سکتے۔چیئرمین پیپلز پارٹی نے چینی باشندوں کی ہلاکت پر چین کی حکومت سے اظہار تعزیت کیا ہے۔انہوں نے بشام میں ہلاک ہونے والے افراد کے لواحقین سے بھی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔بلاول بھٹو نے بشام دہشت گردی کے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا بھی کی ہے۔