Live Updates

وزیراعلیٰ پنجاب کا صوبے بھر میں شہریوں کو سولر سسٹم دینے کا اعلان

پہلے مرحلے میں 100 یونٹ والے 50 ہزار پروٹیکٹڈ صارفین کو قرعہ اندازی سے سولر سسٹم دیئے جائیں گے

Sajid Ali ساجد علی منگل 26 مارچ 2024 16:46

وزیراعلیٰ پنجاب کا صوبے بھر میں شہریوں کو سولر سسٹم دینے کا اعلان
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 مارچ 2024ء ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے بھر میں شہریوں کو سولر سسٹم دینے کا اعلان کردیا۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت کے روشن گھرانہ پروگرام کے تحت وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی جانب سے بجلی کے بلوں سے نجات کیلئے صوبے بھر میں شہریوں کو 50 ہزار سولر سسٹم دینے کا اعلان کیا گیا ہے، اس حوالے سے وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے حکام کو جدید ترین ٹیکنالوجی کا سولر سسٹم لانے کی ہدایت کردی ہے۔

بتایا گیا ہے کہ سکیم کے تحت پہلے مرحلے میں 100 یونٹ والے 50 ہزار پروٹیکٹڈ صارفین کو قرعہ اندازی سے سولر سسٹم دیئے جائیں گے، ایک کلو واٹ والے سولر سسٹمز کی تنصیب کے فوری اقدامات شروع کرنے کا حکم جاری کردیا گیا، سولر سسٹم میں اعلی سولر پلیٹ، انورٹر، بیٹری اور دیگر سسٹم شامل ہوگا۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت سولر ہوم سلوشن کا جائزہ اجلاس ہوا، اجلاس میں سیکرٹری انرجی نے بریفنگ دی اور بتایا کہ پہلے فیز میں 100 یونٹ تک استعمال کرنے والے 50 ہزار پروٹیکٹڈ صارفین کو سولر سسٹم فراہم کیے جائیں گے، گھریلو صارفین کیلئے سولر سسٹم کا دائرہ کار بتدریج بڑھایا جائے گا، جس کے تحت پنجاب کے دیگر صارفین کو بھی ہوم بیسڈ سولر سسٹم فراہم کیے جائیں گے، پہلے مرحلے میں اس پروگرام کیلئے 12.6 ارب روپے مختص کیے جائیں گے۔

دوسری طرف وفاقی وزیر برائے ہاﺅسنگ ریاض پیرزادہ نے کہا ہے کہ مفت بجلی فراہم کرنے کے منصوبے پر کام جاری ہے، حکومت عوام کو 300 یونٹ تک مفت بجلی یا اس میں سبسڈی دینے کے حوالے سے کام کر رہی ہے اور انشاءاللہ آنے والے دنوں میں عوام کو اچھی خبر ملے گا، کیوں کہ حکومت کو پورا اندازہ ہے کہ عوام اس وقت مہنگائی اور بجلی کے مہنگے بلوں کی وجہ سے پریشان ہیں۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات