Live Updates

ضلع بھر میں پتنگ بازی کی روک تھام کیلئے چنیوٹ پولیس کی جانب سے عملی اقدامات جاری

منگل 26 مارچ 2024 17:10

چنیوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مارچ2024ء) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ضلع بھر میں پتنگ بازی کی روک تھام کیلئے چنیوٹ پولیس کی جانب سے عملی اقدامات جاری ہیں۔ ڈی پی او عبداللہ احمد کی زیر قیادت پتنگ بازی کے مضمرات سے متعلق آگاہی واک کی گئی۔ اس موقع پر ڈی پی او عبداللہ احمد، ڈی ایس پی ٹریفک کامران ظہور، ڈی ایس پی لیگل عبیداللہ اور دیگر پولیس افسران نے شہریوں کو پتنگ بازی کے مضمرات سے آگاہی دیتے ہوئے کہا کہ موٹر سائیکلوں پر سیفٹی سٹک لگائی جائے۔

(جاری ہے)

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر عبداللہ احمد کا کہنا تھا کہ پتنگ بازی قاتل کھیل اور جرم ہے جس کی روک تھام کیلئے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں،پتنگ بازی کی وجہ سے کئی افراد گھروں کی چھتوں سے گر کر اور گلے میں ڈور پھرنے سے موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ضلع بھر میں پتنگ فروشوں اور پتنگ بازوں کیخلاف کریک ڈاؤن جاری ہے،ہیومن ریسورس اور ڈرون کیمروں کی مدد سے پتنگ بازوں کو ٹریس کیا جا رہا ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ پتنگ بازی پر زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی تاہم پتنگ بازی کے مکمل خاتمہ کیلئے والدین اپنا کردار ادا کرتے ہوئے بچوں کو خونی کھیل سے روکیں۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات