گورنر حاجی غلام علی کی شانگلہ شاہراہ قراقرم پر خودکش حملے کی شدید مذمت

گورنر کا واقعہ میں 5 چینی شہریوں سمیت 6 بیگناہ انسانی جانوں کے ضیاع پر دلی رنج و غم کا اظہار دہشتگردی کے ایسے واقعات و حرکات پاک چین لازوال دوستی کو نقصان نہیں پہنچا سکتے، حاجی غلام علی

منگل 26 مارچ 2024 21:30

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مارچ2024ء) گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی نے ضلع شانگلہ شاہراہ قراقرم پر گاڑی پر خودکش حملہ کی شدید مذمت کی اور اس افسوسناک واقعہ میں 5 چینی شہریوں سمیت 6 بیگناہ انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ گورنرنے چینی شہریوں کی ہلاکت پر چین کی حکومت و چینی عوام سے دلی ہمدردی اور رنج و غم کا اظہارکیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے واقعے میں زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعاکی ہے۔ انہوں نے شانگلہ خودکش حملہ میں چینی شہریوں کی ہلاکتوں پر چینی عوام و حکومت سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کا شکار خیبرپختونخوا کے عوام متاثرہ چینی خاندانوں کے دکھ و غم میں برابر کے شریک ہیں۔گورنرنے کہاکہ دہشتگردی کے ایسے واقعات و حرکات پاک چین لازوال دوستی کو نقصان نہیں پہنچا سکتے ہیں،دہشت گرد اپنے مذموم کارروائیوں سے ملک میں امن و امان خراب کرنا چاہتے ہیں۔