بھارت نے مقبوضہ کشمیرمیں اپنے شہریوں کی آباد کاری شروع کر دی ہے ، الطاف وانی

منگل 26 مارچ 2024 22:40

جنیوا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مارچ2024ء) کشمیری نمائندے اورکشمیر انسٹیٹیوٹ آف انٹرنیشنل ریلیشنز کے چیئرمین الطاف حسین وانی نے کہا ہے کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیرمیں اپنے شہریوں کی آباد کاری شروع کر دی ہے ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق جنیوا میں اقوامِ متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے 55 ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 76 برس خصوصا 34 برس سے کشمیری بھارت کے ظالمانہ تسلط میں ہیں۔

انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں دورانِ حراست قتل، جبری گمشدگی، جنسی تشدد، جائیدادوں پر قبضے ہو رہے ہیں، دفعہ 370 اور 35 اے کا خاتمہ قابضین کے نو آبادی نظام کو قائم کرنے کے لیے تھا۔انہوں نے کہاکہ بھارتی آئین کی ان دونوں دفعات کا خاتمہ جموں وکشمیر کی زمین پر قبضے کیلئے کیاگیا تھا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ بھارت اپنے شہریوں اور ریٹائرڈ فوجیوں کو کشمیرمیں آباد کر رہا ہے اور ا ن کیلئے علیحدہ کالونیاں آباد کی جارہی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ریاست مہاراشٹرا نے حال ہی میں مقبوضہ کشمیر میں اراضی خریدی ہے، مہاراشٹراکا مقبوضہ کشمیر میں اراضی خریدنا غیر قانونی اقدام اور جنیوا کنونشن کی خلاف ورزی ہے۔الطاف حسین وانی نے یہ بھی کہا کہ بھارت نے کشمیری زمین بھارتیوں کی خریداری کے لیے رکھ دی ہے اور بھارتی فوج کو کشمیر میں کسی بھی زمین پر قبضہ کرنے کی اجازت حاصل ہے ۔