Live Updates

پولیس سے بدسلوکی ،عظمیٰ کاردار اور ملک وحید کو شوکاز نوٹس جاری

وزیراعلیٰ پنجاب نے دونوں اراکین اسمبلی سے 3دن میں جواب طلب کرلیا،پولیس سے بدتمیزی کرنے پرمریم نواز نے شدید تحفظات کااظہارکیا

Faisal Alvi فیصل علوی بدھ 27 مارچ 2024 11:16

پولیس سے بدسلوکی ،عظمیٰ کاردار اور ملک وحید کو شوکاز نوٹس جاری
لاہور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔27 مارچ2024 ء) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پولیس سے بدسلوکی کرنے پر اپنے دو اراکین صوبائی اسمبلی عظمیٰ کاردار اور ملک وحید کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے ان سے 3دن میں جواب طلب کرلیا ہے ۔ صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 152 سے ممبر صوبائی اسمبلی ملک وحید کو پنجاب پولیس کے اہلکار سے بدتمیزی کرنے پر شو کاز نوٹس جاری کیا گیاجبکہ پنجاب اسمبلی میں مخصوص نشستوں پررکن اسمبلی عظمیٰ کاردار کو ماڈل ٹاوٴن پولیس سٹیشن میں ایف آئی آر کے سلسلے میں شوکاز نوٹس جاری کیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کے دفتر سے جاری شوکاز نوٹس میں کہا گیا کہ مریم نواز نے دونوں ایم پی اے کی جانب سے پولیس سے بدسلوکی والے معاملے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔دو روز قبل سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پولیس اہلکار کی جانب سے مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی ملک وحید کی گاڑی روکنے پروہ غصے میں آگئے اور پولیس اہلکار کو دھمکی دیتے ہوئے معافی مانگنے کا کہا ۔

(جاری ہے)

ویڈیو میں رکن اسمبلی کو یہ کہتے ہوئے سنا گیا کہ ’تم نے میری گاڑی کا دروازہ کیوں کھٹکھٹایا؟ ملک وحید نے افسر کو دھمکی بھی دی کہ اگر اس نے معافی نہ مانگی تو بہت برا ہوگا‘، ویڈیو میں پولیس اہلکار کو قانون ساز سے معذرت کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔خیال رہے کہ گزشتہ روز پولیس افسر سب انسپکٹر یاسر نصیب سے وزیراعلیٰ پنجاب نے ملاقات کی تھی ۔

ملاقات کے دوران سب انسپکٹر یاسر نصیب نے پورا واقعہ سنایا۔وزیراعلیٰ پنجاب نے یاسر نصیب سے گفتگو میں کہا تھا کہ میں اپنی پارٹی سے تعلق رکھنے والے ایم پی اے والے واقعے پر بہت شرمندہ ہوں۔مریم نواز نے گفتگو میں کہا تھا کہ آئندہ آپ نے اپنی ڈیوٹی کرنی ہے،کسی سے نہیں ڈرنا، ذمہ داری پوری کرنے پرکبھی کسی سے معافی نہیں مانگنی، آپ کا کام یہی ہے اور آپ نے اپنا کام اچھے طریقے سے کرنا ہے، ایم پی اے ہو، ایم این اے ہو یا چیف منسٹر ہو، قانون سے بڑا کوئی نہیں۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے یپیٹل سٹی پولیس افسر (سی سی پی او) لاہور سے سب انسپکٹر کے ٹرانسفر سے متعلق دریافت کیا اور کہا کہ ایسے کسی معاملے میں مجھ سے پوچھے بغیر کوئی ایکشن مت لیں۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات