عثمان ڈار کو مشروط طور پر عمرے پر جانے کی اجازت مل گئی

لاہور ہائیکورٹ نے درخواست گزار کو ہدایت کی کہ سیکرٹری داخلہ کو شورٹی بانڈ جمع کرائیں

Sajid Ali ساجد علی بدھ 27 مارچ 2024 11:51

عثمان ڈار کو مشروط طور پر عمرے پر جانے کی اجازت مل گئی
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 مارچ 2024ء ) لاہور ہائیکورٹ نے عثمان ڈار کو مشروط طور پر عمرے پر جانے کی اجازت دے دی۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کے سابق مشیر عثمان ڈار نے اپنا نام پی این آئی ایل سے نکلوانے کے لیے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی، جس پر جسٹس شمس محمود مرزا نے سماعت کی اور فریقین کو نوٹس جاری کیے، عدالت نے عثمان ڈار کی درخواست نمٹادی اور انہیں مشروط طور پر عمرے پر جانے کی اجازت دے دی، اس مقصد کے لیے لاہور ہائیکورٹ نے درخواست گزار کو ہدایت کی کہ وہ سیکرٹری داخلہ کو شورٹی بانڈ جمع کرائیں۔

بتایا گیا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے جی ایچ کیو حملہ کیس میں عثمان ڈار کو سات روز کی حفاظتی ضمانت بھی فراہم کر دی، جسٹس شہرام سرورچوہدری کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے جی ایچ کیو حملہ کیس میں عثمان ڈار کی حفاظتی ضمانت کی درخواست پر سماعت کی، جس کے بعد عدالت نے عثمان ڈار کو حفاظتی ضمانت دے دی۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ عثمان ڈار گزشتہ برس پاکستان تحریک انصاف سے علیحدگی کا اعلان کرچکے ہیں، انہوں نے سیاست اور تحریک انصاف دونوں ہی چھوڑنے اعلان کیا اور کہا کہ سیاست میں آنے کی دو بڑی وجہ تھیں، ملک میں دو جماعتیں پیپلزپارٹی اور(ن) لیگ تھیں، میری طرح لاکھوں نوجوان چیئرمین پی ٹی آئی سے متاثر تھے، میرا سیاسی گھرانے سے تعلق تھا، چیئرمین پی ٹی آئی سے متاثر ہو کر پارٹی کو جوائن کیا، کسی اور پارٹی میں شامل نہیں ہوں گا، تینوں بڑی جماعتوں کو بیٹھ کر ملک کے لئے سوچنا ہوگا، پاکستان ہے تو ہم سب ہیں۔

عثمان ڈار نے کہا سیاست کی نوکری 24 گھنٹے ہے، سیاست میں کوئی فکس ٹائمنگ نہیں ہے، تقریبا بارہ سال سے سیاست میں ہوں، سیاست میں آنے کا مقصد تھا کہ اپنے شہر کے لئے کچھ کروں، کامیاب جوان پروگرام کو بڑی محنت سے لانچ کیا، سیالکوٹ میں ترقیاتی کاموں کے حوالے سے ہر ممکن کوشش کی۔