حالیہ واقعات سے پنجاب حکومت کی گڈ گورننس کا بخوبی اندازہ لگایا جا سکتا ہے‘ مسرت جمشید چیمہ

عوام با شعور ہو چکے ہیں ،وہ اب حکومتوں کی کارکردگی کی خود ہی جانچ پڑتال کر لیتے ہیں ‘ سینئر رہنما پی ٹی آئی

بدھ 27 مارچ 2024 12:45

حالیہ واقعات سے پنجاب حکومت کی گڈ گورننس کا بخوبی اندازہ لگایا جا سکتا ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مارچ2024ء) پاکستان تحریک انصاف کی سینئر رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ پنجاب میں حالیہ دنوں میں جو واقعات رونما ہوئے ہیں اس سے حکومت کی گڈ گورننس کا بخوبی اندازہ لگایا جا سکتا ہے ، خونی کھیل پتنگ باز ی کو روکنے میںناکامی کی ذمہ داری کس پر عائد ہونی چاہیے ، پنجاب کی ترقی اور عوام کے مسائل کے حل کیلئے مصنوعی اور ڈھنگ ٹپائو نہیں بلکہ عملی اقدامات نا گزیر ہیں۔

(جاری ہے)

اپنے بیان میں مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ پی ٹی آئی کی لازوال جدوجہد سے عوام با شعور ہو چکے ہیں اور وہ اب حکومتوں کی کارکردگی کی خود ہی جانچ پڑتال کر لیتے ہیں ۔ حکومت کے جو معاملات عوام کی نظروں سے اوجھل ہیں ہم بطور اپوزیشن انہیں سامنے لاتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوام مہنگائی اور بیروزگاری کی وجہ سے پہلے ہی بد حال ہیں ، خدارا انہیں آئی ایم ایف کی شرائط کو پورا کرنے کے لئے زندہ درگور نہ کیا جائے ، وفاقی کابینہ نے تنخواہیں نہ لینے کا اعلان تو کر دیا ہے لیکن ان کے دفاتر اور پروٹوکول کے شاہانہ اخراجات اور مراعات تنخواہو ں پر زیادہ بھاری ہیں ۔ ملک جن مشکل حالات سے گزر رہا ہے ایسے میں حکومتی اخراجات میں 50سی60فیصد کٹ لگایا جائے ۔