چینی قافلے پر حملے کا مقدمہ درج کرنے کیلئے پولیس نے سی ٹی ڈی کو مراسلہ ارسال کر دیا

بشام کے ایس ایچ او کی جانب سے مراسلے میں دہشت گردی کی دفعات کے تحت ایف آئی آر درج کرنے کی استدعا کی گئی ہے

Faisal Alvi فیصل علوی بدھ 27 مارچ 2024 14:15

چینی قافلے پر حملے کا مقدمہ درج کرنے کیلئے پولیس نے سی ٹی ڈی کو مراسلہ ..
پشاور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔27 مارچ2024 ء) چینی قافلے پر خود کش حملے کے حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ 12 گاڑیوں پر مشتمل چائنیز کانوائے فول پروف سکیورٹی میں اسلام آباد سے داسو ڈیم کوہستان جا رہا تھا،شانگلہ میں چینیوں کو لے جانے والے قافلے پر حملے کا مقدمہ د رج کرنے کیلئے پولیس کی جانب سے سی ٹی ڈی کو مراسلہ بھیج دیا گیا ہے۔ تھانہ بشام کے ایس ایچ او کی جانب سے بھیجے گئے مراسلے میں دہشت گردی کی دفعات کے تحت ایف آئی آر درج کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔

مراسلے میں بتایا گیا کہ دھماکے سے کانوائے میں موجود دوسری گاڑی کو بھی کافی نقصان پہنچا۔ کانوائے میں موجود دیگر چائنیز اور سکیورٹی اہل کار بال بال بچ گئے۔ واقعے کی ایف آئی آر نامعلوم دہشت گردوں کے خلاف درج کی جائے۔

(جاری ہے)

پولیس کی جانب سے بھیجے گئے مراسلے میں بتایا گیا کہ راستے میں ایک خودکش بمبار نے بارودی مواد سے بھری گاڑی کانوائے میں شامل کوسٹر سے ٹکرا دی۔

دھماکے سے کوسٹر میں آگ لگ گئی اور گہری کھائی میں جاگری۔ واقعے سے کوسٹر میں بیٹھے 5 چائنیز ہلاک جب کہ ایک پاکستانی ڈرائیور جاں بحق ہوا۔ دھماکے میں استعمال ہونے والی گاڑی مکمل تباہ اور خودکش کے جسم کے اعضا ہوا میں اڑے۔مراسلے میں مزیدبتایا گیا ہے کہ اطلاع ملی کہ لاہور نالہ بشام میں چائنیز کانوائے پر خودکش حملہ ہوا ہے۔ اطلاع کے پیش نظر پولیس نفری جائے وقوع پر پہنچی تھی۔

یاد رہے کہ گزشتہ روزخیبرپختونخوا کے ضلع شانگلہ میں غیر ملکیوں کی گاڑی پر خودکش دھماکے میں 5 چینی باشندوں سمیت 6 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔پولیس کے مطابق واقعہ بشام کے قریب پیش آیا تھا سامنے سے آنے والی دھماکا خیز مواد سے بھری کار غیر ملکیوں کی گاڑی سے ٹکرا گئی جس کے بعد ایک زوردار دھماکہ ہوا۔ دھماکے کی شدت سے چینی انجینئرز کی گاڑی نیچے گہری کھائی میں جاگری اور اس میں آگ لگ گئی تھی۔