Live Updates

پنجاب میں اینٹی نارکوٹکس کیلئے نیا محکمہ بنانے کی تجویز پر اتفاق

صوبے میں سمگلنگ روکنے کیلئے 13 ایکسائز چیک پوسٹیں قائم کی جائیں گی

Sajid Ali ساجد علی بدھ 27 مارچ 2024 14:22

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 مارچ 2024ء ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے میں نارکوٹکس کنٹرول کیلئے تین پولیس سٹیشنز بنانے کی منظوری دے دی۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت محکمہ ایکسائز ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹیکس کنٹرول جائزہ اجلاس ہوا، جس میں اینٹی نارکوٹکس کیلئے نیا محکمہ بنانے کی تجویز پر اتفاق کیا گیا، اس دوران موٹر وہیکلز کی رجسٹریشن پلیٹس کا بیک لاگ ختم کرنے کی ہدایت کی گئی، مریم نواز شریف نے رینٹل ویلیو اور ڈی سی ریٹ کے مطابق ٹیکس میں فرق پر اسسمنٹ رپورٹ بنانے کی ہدایت کی، جب کہ ٹیکس کنسلٹنسی یونٹ قائم کیا جائے گا وزیر اعلیٰ نے اس کی منظوری دے دی۔

بتایا گیا ہے کہ سابق سینیٹر پرویز رشید، ایم پی اے ثانیہ عاشق، چیف سیکرٹری، سیکرٹریز خزانہ، ایکسائز اور دیگر حکام نے اجلاس میں شرکت کی، اجلاس میں فیصلہ ہوا سمگلنگ اور منشیات کی سمگلنگ روکنے کیلئے 13 ایکسائز چیک پوسٹ قائم کی جائیں گی، گاڑیوں کی ای رجسٹریشن کیلئے ای ٹائیٹل ڈاکومنٹ کا آغاز کیا جارہا ہے، ایکسائز ڈپارٹمنٹ دستک پروگرام کے ذریعے سروسز فراہم کرے گا، ایکسائز ڈپارٹمنٹ سیف سٹی اتھارٹی کے ساتھ چالان کی ریکوری کیلئے کام کرے گا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر بریفنگ میں بتایا گیا کہ 12.5 فیصد ٹیکس کولیکشن میں اضافہ ہوا، افیون فیکٹری کی بحالی کا جائزہ لیا اس سے فارماسیوٹیکل میں 900 ملین روپے کا فائدہ ہوگا، اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے مریم نواز شریف نے کہا کہ ان لوگوں کو ٹیکس نیٹ میں لایا جائے جو ٹیکس نیٹ میں نہیں ہیں، گھروں پر ٹیکس کو ریشنل آئز کرنے کی ضرورت ہے۔ علاوہ ازیں پنجاب حکومت کے روشن گھرانہ پروگرام کے تحت وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی جانب سے بجلی کے بلوں سے نجات کیلئے صوبے بھر میں شہریوں کو 50 ہزار سولر سسٹم دینے کا اعلان کیا گیا ہے، اس حوالے سے وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے حکام کو جدید ترین ٹیکنالوجی کا سولر سسٹم لانے کی ہدایت کردی ہے، سکیم کے تحت پہلے مرحلے میں 100 یونٹ والے 50 ہزار پروٹیکٹڈ صارفین کو قرعہ اندازی سے سولر سسٹم دیئے جائیں گے، ایک کلو واٹ والے سولر سسٹمز کی تنصیب کے فوری اقدامات شروع کرنے کا حکم جاری کردیا گیا، سولر سسٹم میں اعلی سولر پلیٹ، انورٹر، بیٹری اور دیگر سسٹم شامل ہوگا۔

Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات