چیف جسٹس 6 ججز کے خط کے معاملے کی انکوائری کیلئے جوڈیشل کمیشن تشکیل دیں ‘ حامد خان

ہمیں ان ججز کو سیلوٹ کرنا ہوگا،بار ایسوسی ایشنز پر بڑی ذمہ داری آن پڑی ہے، اتحاد کے ساتھ تحریک شروع کرنے کی ضرورت ہے

بدھ 27 مارچ 2024 15:20

چیف جسٹس 6 ججز کے خط کے معاملے کی انکوائری کیلئے جوڈیشل کمیشن تشکیل ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مارچ2024ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما و سینئر قانون دان حامد خان نے کہا ہے کہ چیف جسٹس 6 ججز کے خط کے معاملے کی انکوائری کیلئے جوڈیشل کمیشن تشکیل دیں ۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ لاہور ہائیکورٹ بار کو کلیئر ہونا ہوگا یہ معاملہ بہت حساس ہے، 6 ججز نے بہت بڑا کام کیاہے، یہ خط بہت اہمیت کا حامل ہے اس پر باقاعدہ لائحہ عمل آنا چاہیے، ہمیں ان ججز کو سیلوٹ کرنا ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کا کردار متنازعہ ہوچکا ہے، اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز چیف جسٹس کے نوٹس میں تمام باتیں لائے مگر ان کا کردار قابل قدر نہیں ۔انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس پاکستان سے مطالبہ کرتے ہیں اس معاملے پر جوڈیشل کمیشن بنایا جائے، چیف جسٹس پاکستان اس معاملے پر اپنا کردار ادا کریں، دونوں چیف جسٹس صاحبان عوام کے سامنے جوابدہ ہوں گے، اس کا جواب دینا پڑے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ بار ایسوسی ایشنز پر بڑی ذمہ داری آن پڑی ہے، ہمیں وکلا ء اتحاد کے ساتھ ساتھ تحریک شروع کرنے کی ضرورت ہے، صدر لاہور ہائیکورٹ بار اس معاملے پر خاموش نہ رہیں۔