ملکی معیشت کی مضبوطی اور مثبت تشخص کیلئے اساتذہ و طلبا کو کردار ادا کرنا ہوگا، وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی کا پنجاب یونیورسٹی میں شجر کاری تقریب سے خطاب

بدھ 27 مارچ 2024 16:13

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مارچ2024ء) وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود نے کہا ہے کہ ملکی معیشت کی مضبوطی اور مثبت تشخص اجاگر کرنے کیلئے اساتذہ و طلبا کو بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا۔وہ پنجاب یونیورسٹی فیکلٹی آف ایگریکلچرل سائنسز کے زیر اہتمام یوم پاکستان اور شجر کاری مہم کے سلسلے میں منعقدہ تقریب سے خطاب کررہے تھے۔

اس موقع پرایم این اے شائستہ پرویز ملک، ایم پی اے کنول لیاقت، ڈین فیکلٹی آف جیو سائنسز پروفیسر ڈاکٹر ساجد رشید احمد، ڈین فیکلٹی آف ایگریکلچرل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیم حیدر، فیکلٹی ممبران اور طلباو طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود نے کہا کہ قربانی صرف جنگ میں نہیں دی جاتی بلکہ زندگی کے ہر محاذ پر اس کیلئے تیار رہنا چاہیے اور آج پاکستان کو بحرانوں سے نکالنے کے لئے اسی جذبے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمارے لئے ہمارا تعلیمی ادارہ ہی پاکستان ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل درست رہنمائی کے ساتھ آگے بڑھیں گے تو دنیا بھر میں گرین پاسپورٹ کی عزت میں اضافہ ہوگا۔ شائستہ پرویز ملک نے کہا کہ استاد معاشرے کے عظیم افراد ہیں جو دنیا کی ترقی کا باعث بنتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لئے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ معاشرے میں بڑھتی نفرت کا خاتمہ کرنے کیلئے مثبت سوچ کا فروغ ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ بطور سیاست دان ملک کے لئے اتنا نہیں کرسکے جتنا کرنا چاہیے تھا۔ انہوں نے کہا کہ معاشرتی تقسیم کے خاتمے کے لئے نوجوانوں کے سوالات سن کرعدم برداشت، تقسیم اور گالی گلوچ کے کلچر کو شکست دی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے کی ترقی کے لئے خواتین کو ہر میدان میں جگہ دینی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ طلبا کو سوال کرنے کا ہنر سیکھنا ہوگا تاکہ سیاست دانوں سے شکوے اور سوالات اچھے انداز میں کئے جاسکیں۔ انہوں نے پنجاب یونیورسٹی طلبا کے ٹرانسپورٹ اور ہاسٹلز سے متعلق مسائل حل کروانے کی یقین دہانی کرائی۔کنول لیاقت نے امید ظاہر کی کہ نوجوان پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے بھرپور کردار ادا کریں گے۔ڈاکٹر محمد سلیم حیدر نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی کے باصلاحیت طلبا ہر شعبہ ہائے زندگی میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تقریب کے انعقاد کا مقصد طلبا کو یوم پاکستان کی اہمیت اور شجر کاری مہم بارے آگاہی فراہم کرنا تھا۔ قبل ازیں فیکلٹی آف ایگرکلچرل سائنسز کے طلباطالبات کے لئے کوئز، تقریر اور ملی نغموں کے مقابلوں کا انعقاد کیا گیا۔ دوسری طرف پنجاب انسٹیٹیوٹ آف جیوگرافی کے زیر اہتمام پودوں کی اہمیت اجاگر کرنے کے لئے آگاہی واک کا اانعقاد کیا گیا جس میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود، ڈائریکٹر اسما یونس، فیکلٹی ممبران، طلباطالبات اور ملازمین نے شرکت کی۔ تقریب میں پروفیسر ڈاکٹر خالد محمودو دیگر نے شجر کاری مہم کے سلسلے میں پودا بھی لگایا۔