پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں نئی تاریخ رقم، بلند ترین سطح کا ریکارڈ ٹوٹ گیا

بدھ 27 مارچ 2024 16:30

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مارچ2024ء) پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں غیر معمولی تیزی کے سبب نئی تاریخ رقم ہو گئی اور بلند ترین سطح کا ریکارڈ ٹوٹ گیا۔تفصیلات کے مطابق بدھ کے روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج تاریخ کی نئی بلند ترین سطح پر بلند ہوئی۔ ساڑھے 3 ماہ کے بعد پی ایس ایکس میں بلند ترین سطح کا ریکارڈ ٹوٹ گیا۔

(جاری ہے)

حصص بازار میں کے ایس ای 100 انڈیکس 641 پوائنٹس کے اضافے سے 66547 پوائنٹس کی ریکارڈ سطح پر بند ہوا جب کہ اس سے قبل دسمبر 2023 میں اسٹاک مارکیٹ 66426 پوائنٹس کی ریکارڈ سطح پر بند ہوئی تھی۔

خسارے میں چلنے والے اداروں کی نجکاری کی خبروں اور آئی ایم ایف سے مثبت مذاکرات کے بعد سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہونا شروع ہوگیا۔ پی آئی اے کا شیئر سرمایہ کاروں کی توجہ کا مرکز بنا رہا جس کی وجہ سے قیمت میں اپر لاک لگ گیا۔ 7ماہ میں پی آئی اے کے شیئرز کی قیمت 700 فیصد بڑھ کر 27 روپے سے تجاوز کرگئی۔