Live Updates

کیٹل مارکیٹ، سلاٹر ہاؤس میں صرف ویکسی نیٹڈ اور ٹیگ والا مویشی لانے کی پابندی،وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے اصولی منظوری دیدی

بدھ 27 مارچ 2024 20:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 مارچ2024ء) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت محکمہ لائیوسٹاک کی کارکردگی اور افعال کار کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا ۔ اجلاس میں کیٹل مارکیٹ اور سلاٹر ہاؤس میں صرف ویکسی نیٹڈ اور ٹیگ والا مویشی لانے کی پابندی پر اتفاق کیا گیاوزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے اصولی منظوری دے دی۔ وزیر اعلی مریم نواز شریف نے محکمہ لائیو سٹاک کو چین کو بھینس کا گوشت اور دودھ کی برآمد بڑھانے کا ٹارگٹ دیا اورچین کو بھینس کا گوشت اور دودھ برآمد کرنے کیلئے پالیسی وضع کرنے کی ہدایت کی۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ بریڈ کنٹرول، بیماریوں سے بچاؤ کیلئے مزید کام کرنے کی ضرورت ہے ۔و زیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ پر خصوصی توجہ دینے اورپنجاب میں ڈزیز کنٹرول کمپارٹمنٹ بنانے کی ہدایت بھی کی۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ ایف ایم ڈی بیماری کی ویکسی نیشن مقامی سطح پر زیادہ مقدار میں تیار کی جائے۔

ایف ایم ڈی کنٹرول پروگرام کو مزید موثر بنایا جائے۔ڈیری پراڈکٹس کی برآمد بڑھانے کیلئے نیا میکانزم بنانا ہوگا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ ویکسین پروڈکشن لیبز کی آپ گریڈیشن پر360 ملین لاگت آئے گی، 299 ملین کی لاگت سے zoonisis (بریڈنگ)سنٹر کی اپ گریڈیشن ہوگی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ مویشیوں کا مستند ڈیٹا تیا ر اور مستقل اپ ڈیٹ کیا جائے ۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے گلف ممالک اور چین کے ساتھ پولٹری تجارت کا حجم بڑھانے سے متعلق رپورٹ مرتب کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں ویٹرنری ڈاکٹرز کیلئے موٹر بائیکس اور موبائل ڈسپنسریز کیلئے وین فراہم کرنے کی تجویز پر اتفاق کیا گیا۔ اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ لائیو سٹاک جی ڈی پی کا 14.36 فیصد ہے۔ ملک میں پنجاب 62 فیصد دودھ، گوشت 43 فیصد، مٹن 33 فیصد اور پولٹری میٹ 65 فیصد پیدا کرتا ہے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ چین 17 ارب ڈالر کا گوشت اور 2 ارب ڈالر کا دودھ درآمد کرتا ہے۔ بریڈ امپروومنٹ سے 15 سے 25 فیصد پیداوار بڑھائی جا سکتی ہے۔صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ زاہد بخاری، صوبائی وزیر زراعت محمد عاشق حسین، سابق سینیٹر پرویز رشید، ایم پی اے ثانیہ عاشق، چیف سیکرٹری، چیئرمین پی اینڈ ڈی، سیکرٹریز خزانہ، لائیو سٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ اور دیگر حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات