بالٹی مور میں پل تباہ کرنے والے جہاز کا عملہ بھارتی نکلا

تیز رفتاری سے آنے والے جہاز نے اچانک راستہ بدلا اور پل سے آ ٹکرایا،بھارتی میڈیا

بدھ 27 مارچ 2024 22:48

بالٹی مور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 مارچ2024ء) گزشتہ امریکی شہر بالٹی مور میں پل تباہ کرنے والے مال بردار جہاز ڈالی کا عملہ بھارتی نکلا۔ عملہ 22 نفوس پر مشتمل تھا جو مکمل طور پر محفوظ رہا۔بھارتی ٹی وی کے مطابق امریکی ریاست میری لینڈ کے شہر بالٹی مور میں فرانسس اسکاٹ کی برجج جس مال بردار جہاز کی ٹکر سے تباہ ہوا وہ بھارت سے تعلق رکھتا ہے۔

شواہد سے معلوم ہوا ہے کہ تیز رفتاری سے آنے والے جہاز نے اچانک راستہ بدلا اور پل سے آ ٹکرایا۔ جہاز کے ٹکرانے سے پل پر سے گزرنے والی کئی گاڑیاں دریا میں جا گریں۔ دو افراد کو بچالیا گیا جبکہ 6 کی تلاش جاری ہے۔ یہ واقعہ مقامی وقت کے مطابق پیر اور منگل کی درمیانی شب ڈیڑھ بجے رونما ہوا۔یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ جہاز کے عملے نے مقامی اتھارٹیز کو پاور اشو کے حوالے سے خبردار بھی کیا تھا۔

(جاری ہے)

دی چارٹر مینیجر سائنرجی میرین گروپ لمٹیڈ نے بتایا کہ اس واقعے سے آلودگی نہیں پھیلی۔ سنگاپور کے پرچم کا حامل اس جہاز کی مالک سنگاپور کی گرین اوشن پرائیویٹ لمٹیڈ نامی فرم ہے۔میری لینڈ کے گورنر ویز مور نے ایک پریس بریفنگ میں بتایا کہ جہاز خاصی تیز رفتار سے آرہا تھا اور اِس نے آخری لمحات میں توانائی ختم ہونے کا الرٹ دیا۔ جہاز کی طرف سے الرٹ ملنے کے بعد متعلقہ اہلکاروں نے گاڑیوں کو پل پر آنے سے روکا۔

اگر یہ اقدام نہ کیا گیا ہوتا تو درجنوں گاڑیاں پانی میں جا گرتیں۔ اس پل پر رات کو بھی اچھا خاصا ٹریفک رہتا ہے۔میری لینڈ کے گورنر نے ہنگامی حالت کا اعلان کیا ہے۔ وفاق کی طرف سے فنڈز ملنے کی صورت میں پل کی دوبارہ تعمیر جلد شروع کی جائے گی۔ کئی سرکاری ادارے اس حوالے سے مل کر کام کر رہے ہیں۔ یہ پل چار رویہ تھا۔ حادثے کے وقت آٹھ افراد پر مشتمل عملہ مرمت میں مصروف تھا۔ یہ آٹھوں افراد بھی دریائے پیٹیپسکو میں جا گرے۔ پل سے ٹکرانے والا 948 فٹ لمبا مال بردار جہاز سری لنکا کی کولمبو بندرگاہ کے لیے روانہ ہوا تھا۔