ڈاکٹرفوزیہ کی عافیہ کی رہائی کیلئے مختلف ویلفیئر آرگنائزیشن کے سربراہان سے مدد کی اپیل

بدھ 27 مارچ 2024 23:09

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 مارچ2024ء) عافیہ موومنٹ ، پاکستان کے ترجمان محمد ایوب نے کہا ہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے احکامات کی روشنی میں قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ کی رہائی اور وطن واپسی میں مدد اور معاونت کے لیے مختلف ویلفیئر آرگنائزیشن کے سربراہان کو خطوط پہنچا دیئے گئے ہیں۔ عافیہ موومنٹ میڈیا سیل سے جاری کردہ بیان کے مطابق گلوبل عافیہ موومنٹ کی چیئرپرسن ڈاکٹر فوزیہ صدیقی اپنی ہمشیرہ اورامت کی مظلوم بیٹی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی اور وطن واپسی کے لیے گزشتہ 20 سال سے جدوجہد کررہی ہیں۔

انہوں نے اس سلسلے میں اسلام آباد ہائی کورٹ میں ایک آئینی پٹیشن WP No.3139/2015 بھی دائر کی ہوئی ہے جو کہ زیرسماعت ہے۔ یکم مارچ، 2024 ء کو اس کیس کی سماعت کے بعد عدالت نے جو آرڈر شیٹ جاری کی تھی ، اس کے پیراگراف نمبر 6 میں عدالت عالیہ نے امید ظاہر کی ہے کہ ڈاکٹر عافیہ کیس کے وکیل مسٹر کلائیو اسمتھ کو مختلف اداروں کی جانب سے مدد اور معاونت حاصل ہو سکے گی۔

(جاری ہے)

مسٹر کلائیو اسمتھ ، ڈاکٹر عافیہ کی بے گناہی ثابت کرنے کے لیے بیک وقت کئی ممالک میں کام کررہے ہیں۔ وہ جلد ہی ایک سے زائد امریکی عدالتوں میں کیس بھی دائر کرنے والے ہیں۔اس سلسلے میں اخراجات کی ادائیگی خطیر رقم درکار ہو گی۔ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے سیلانی ویلفیئر انٹرنیشنل کے چیئرمین مولانا بشیر فاروقی، ایدھی فائونڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی، عالمگیر ویلفیئر ٹرسٹ کے چیئرمین چوہدری نثار احمد، الخدمت کے سی او نوید علی بیگ، چھیپا ویلفیئر ایسوسی ایشن کے چیئرمین محمد رمضان چھیپا اور جے ڈی سی فائونڈیشن پاکستان کے چیئرمین ظفر عباس کو خطوط بھجوا دیئے ہیں جبکہ تمام انسانی و عورتوں کے حقوق کی جماعتوں کے رہنما?ں سے اپیل کی ہے کہ وہ ڈاکٹر عافیہ کی رہائی اور وطن واپسی کے لیے مدداور معاونت کریں۔

واضح رہے کہ ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کے حوالے سے موجودہ 2024ء انتہائی اہم سال ہے۔ ڈاکٹر عافیہ کیس کے وکیل مسٹر کلائیو اسمتھ کی کوشش ہے کہ قوم کی بیٹی کی رہائی کو اس سال کے اختتام سے قبل ممکن ہو جائے ۔#