پاکستان پوری دنیا کے امن کے لیے ملکوں کے درمیان شراکت داری کو فروغ دینے کے لیے تیار ہے، وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا وزارت خارجہ میں خصوصی بین المذاہب افطار ڈنر سے خطاب

بدھ 27 مارچ 2024 19:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مارچ2024ء) وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے باہمی ہم آہنگی اور مشترکہ سوچ کے لیے بات چیت اور تعاون کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی امن، مساوات اور انصاف کے اصولوں پر مبنی ہے، پاکستان پوری دنیا کے امن کے لیے ملکوں کے درمیان شراکت داری کو فروغ دینے کے لیے تیار ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان کو وزارت خارجہ میں خصوصی بین المذاہب افطار ڈنر میں خوش آمدید کہنا باعث اعزاز ہے، بین المذاہب افطار ڈنر میں سفارتی برادری کی موجودگی کے لیے شکر گزار ہوں۔ انہوں نے سفراء کے پاکستان اور اپنے ملکوں کے درمیان بات چیت اور تعاون کے فروغ میں کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے رمضان المبارک کے مقدس مہینہ کی خاص مذہبی اور سماجی اہمیت ہے۔

(جاری ہے)

وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان کثیرالجہتی، امن، ترقی اور باہمی خوشحالی کا علمبردار رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان 2025 اور 2026 کے لیے اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی غیر مستقل نشست کے لیے امیدوار ہے، ایشیا پیسفک گروپ کے ملکوں نے اس سلسلے میں پاکستان کی حمایت کی ہے، پاکستان کی حمایت کے لیےہم ان ممالک کے بے حد مشکور ہیں۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان سلامتی کونسل میں غیر مستقل نشست کے لیے دوسرے تمام ملکوں کی حمایت کا خواہاں ہے، کونسل میں اپنی مدت کے دوران پاکستان بین الاقوامی امن اور سلامتی کو برقرار رکھنے کے لیے کونسل کے مینڈیٹ کو فروغ دے گا۔

وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ رمضان المبارک میں ہمیں غزہ کے مسلمانوں کو نہیں بھولنا چاہیے، غزہ کے مسلمانوں کو گزشتہ چھ ماہ سے بھوک اور جنگ کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ غزہ میں فوری اور غیر مشروط جنگ بندی کا وقت آ گیا ہے، جنگ بندی کا مطالبہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے کیاہے، علاقائی تنازعات کے حل کے بغیر امن اور خوشحالی خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر فلسطین اور کشمیر سمیت دیرینہ تنازعات کو حل کیا جائے، اس ہفتے ماسکو میں اور بشام میں ہونے والے حملے یاد دلاتے ہیں کہ دہشت گردی پوری دنیا کے لیے خطرہ ہے، پاکستان اس خطرے سے نمٹنے کے لیے علاقائی اور عالمی شراکت داری کو فروغ دیتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ قرآن پاک میں ارشاد ہے ”جو کسی کی جان لے گا گویا اس نے پوری انسانیت کو قتل کیا اور جس نے ایک جان بچائی گویا اس نے پوری انسانیت کو بچایا“۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ امن کی جیت تک دہشت گردی کے خلاف ہماری جنگ ختم نہیں ہوگی، ہمارے پاس اختلافات سے قطع نظر اقوام کے درمیان مکالمے اور افہام و تفہیم کو فروغ دینے کا ایک منفرد موقع ہے۔