وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق کی ہدایت پرقیدیوں کیلئے افطار ڈنرکا اہتمام

بدھ 27 مارچ 2024 20:20

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مارچ2024ء) وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق کی ہدایت پر بدھ کے روز قیدیوں کیلئے افطار ڈنر کا اہتمام کیا گیا۔ وزیراعظم آزادکشمیر کی ہدایت پرموسٹ سینئر وزیر کرنل ریٹائرڈ وقار احمد نور، وزرا حکومت جاوید اقبال بڈھانوی، چوہدری محمد اکبر ابراہیم، چوہدری اظہر صادق، چیئرمین وزیراعظم معائنہ و عملدرآمد کمیشن پیر مظہر سعید شاہ، چیف سیکرٹری دائود محمد بڑیچ، مشیر برائے جیل خانہ جات احمد صغیر چغتائی نے سینٹرل جیل راڑہ مظفرآباد میں افطاری کی۔

آئی جی جیل خانہ جات بدرمنیر، ڈپٹی کمشنر ندیم احمد جنجوعہ اور ایس ایس پی یاسین بیگ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ افطاری سے قبل موسٹ سینئر وزیر اور وزراحکومت نے جیل کا معائنہ کیا اور سہولیات کا جائزہ لیا۔

(جاری ہے)

میرپور،بھمبر، کوٹلی،سدھنوتی، باغ اور راولاکوٹ کی جیلوں میں متعلقہ ڈپٹی کمشنرز نے افطار ڈنر کے انتظامات کی نگرانی کی۔ ڈسٹرکٹ جیل کوٹلی میں ڈپٹی کمشنر چوہدری حق نواز نے افطاری سے قبل جیل کا دورہ کیا اور افطار کے انتظامات کا معائنہ اور صفائی ستھرائی کے معیار کو چیک کیا۔

کوٹلی جیل میں 274 قیدیوں کے لئے افطار کا اہتمام کیا گیا تھا۔پلندری میں ڈپٹی کمشنر راجہ صداقت خان نے افطار ڈنرکے انتظامات کاجائزہ لیا۔کمشنر میرپور شوکت علی اور ڈپٹی کمشنر یاسر ریاض نے وزیراعظم آزادکشمیر کی ہدایت پر سینٹرل جیل میرپور میں افطاری کی۔ انہوں نے افطاری سے قبل جیل میں سہولیات کا بھی جائزہ لیا جبکہ ڈپٹی کمشنر پونچھ ممتاز کاظمی اور ایس پی خاور علی نے راولاکوٹ جیل میں افطاری کی۔