منہاج القرآن کے شہر اعتکاف کی رجسٹریشن کا دوسرا مرحلہ مکمل ،معتکفین کو بہترین سہولیات دینے کیلئے کوشاں ہیں،سیکرٹری شہراعتکاف جواد حامد

بدھ 27 مارچ 2024 20:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مارچ2024ء) سیکرٹری شہر اعتکاف جواد حامد نے کہا ہے کہ تحریک منہاج القرآن کے شہر اعتکاف کی رجسٹریشن کا دوسرا مرحلہ بھی مکمل ہو گیا ہے۔ جامع المنہاج(بغداد ٹائون) ٹان شپ میں آباد ہونے والے شہر اعتکاف میں چاروں صوبوں گلگت بلتستان،آزاد کشمیر سمیت بیرون ملک سے ہزاروں معتکفین اور معتکفات شریک ہونگے۔

کراچی،اندرون سندھ،کوئٹہ،آزاد کشمیر اور بلوچستان سے معتکفین کے قافلے آئیں گے۔ان خیالات کا اظہار سیکرٹری شہر اعتکاف 2024 نائب ناظم اعلی تحریک منہاج القرآن جواد حامد نے بدھ کے روز یہاں انتظامات و تیاریوں کے حوالے سے منعقدہ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ شہر اعتکاف میں ڈاکٹر محمد طاہرالقادری روزانہ نماز تراویح کے بعد خدا کو کیوں مانیں؟ مذہب کو کیوں اپنائیں؟ کے موضوع پر خطابات کریں گے۔

(جاری ہے)

معتکفین سے چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری،پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری،صاحبزادہ شیخ حماد مصطفی المدنی القادری تربیتی خطابات کریں گے۔شہر اعتکاف 2024 کی تیاریاں تکمیل کے آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہیں جبکہ خواتین کی اعتکاف گاہ کے انتظامات بھی تیزی سے مکمل کئے جا رہے ہیں۔شہر اعتکاف کیلئے تشکیل دی گئی درجنوں انتظامی کمیٹیوں نے ناظم اعلی تحریک منہاج القرآن سربراہ شہر اعتکاف 2024 خرم نواز گنڈاپور کو حتمی رپورٹ پیش کر دی ۔

اس موقع پر انتظامی کمیٹیوں کے سربراہان بھی موجود تھے۔اس موقع پر تنظیمات نے سیکرٹری شہر اعتکاف جواد حامدکو مختلف شہروں میں اعتکاف کیلئے ہونے والی رجسٹریشن کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا۔جواد حامد نے اپنی گفتگو میں کہاکہ ہزاروں کی تعداد میں اعتکاف کیلئے قبل از وقت ہونے والی رجسٹریشن کے باعث انتظامات کا معیار مزید بہتر کرنے میں بہت زیادہ مدد ملی ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہر اعتکاف 2024 کا رجسٹریشن ڈیٹا مکمل طور پر تین دن بعد مرکزی کمیٹی کو موصول ہو جائے گا۔جواد حامد نے بتایا کہ انتظامی کمیٹیوں کے درمیان کوآرڈنیشن کیلئے کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہر سال کی طرح اس سال بھی انفرادی و اجتماعی اذکار اور وظائف کے علاوہ تربیتی نشستوں کا خصوصی اہتمام بھی کیا جائیگا۔ہزاروں معتکفین و معتکفات کی سحر و افطار کی بروقت ترسیل کا مربوط انتظام ترتیب دیا جا رہا ہے۔

تیاریاں اور تزئین و آرائش کا کام مکمل ہو گیا، ہزاروں معتکفین کے لیے منہاج ویلفیئر فانڈیشن کے زیرانتظام ڈاکٹرز کی ٹیم ہمہ وقت شہر اعتکاف میں موجود ہو گی۔ شہراعتکاف میں مرد جامع المنہاج ٹاون شپ میں جبکہ خواتین منہاج گرلز کالج میں اعتکاف بیٹھیں گی۔