وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال سے پاکستان میں ایران کے سفیر کی ملاقات، عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد

بدھ 27 مارچ 2024 21:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مارچ2024ء) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال سے پاکستان میں ایران کے سفیر ڈاکٹر رضا امیری مغدم نے ملاقات کی اور انہیں عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ ملاقات میں ایرانی صدر کے آئندہ دورہ پاکستان کے حوالے سے ممکنہ تعاون کے شعبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وفاقی وزیر احسن اقبال نے پاکستان اور ایران کے درمیان تاریخی تعلقات پر گفتگو کرتے ہوئے 900 کلومیٹر طویل مشترکہ زمینی اور سمندری سرحد کو دو طرفہ تجارت اور باہمی روابط کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ اقتصادی تعاون کو فروغ دینے کے لئے موثر روڈ ریل ٹرانزٹ روٹس انتہائی اہمیت کے حامل ہیں جس کے ذریعے دونوں ممالک کے درمیان موجودہ 2.5 بلین ڈالر کے تجارتی حجم میں کئی گنا اضافہ کیا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ توانائی بحران کے خاتمے کے لئے پاکستان ایران کے ساتھ اس شعبے میں تعاون کو بہتر بنانے کا خواہاں ہے۔

اس موقع پر احسن اقبال نے ای سی او کے تحت 2009 میں پاکستان، ایران اور ترکی کے درمیان کارگو ٹرین سروس کو بحال کرنے کی بھی اہمیت پر بھی زور دیا۔ ملاقات میں پاکستان بالخصوص صوبہ بلوچستان میں بے روزگاری کے خاتمے، نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لئے ایران کے پیشہ وارانہ اور فنی تربیت کے شعبوں میں تعاون پر بھی تبادلہ خیال کرتے ہوئے اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے سے خطے میں دہشت گردی اور انتہا پسندانہ رجحانات میں کمی لانے میں مدد مل سکتی ہے۔

ایرانی سفیر نے تجارت کے لئے چابہار، گوادر اور کراچی کی بندرگاہوں کی تزویراتی (سٹرٹیجک) اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے ایران کے چابہار بندرگاہ کو زاہدان ریلوے نیٹ ورک سے جوڑنے کے عزم کا اظہار کیا جس سے روس اور وسطی ایشیا کے ممالک سے ممکنہ طور پر رابطوں کو بڑھایا جا سکتا ہے۔