پولیس نے لیاری گینگ وار کے سرغنہ ارشد پپو کے بھتیجے کو گرفتار کرلیا

ملزم ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری اور منشیات فروشی سمیت متعدد سنگین جرائم میں ملوث ہے،پولیس حکام

بدھ 27 مارچ 2024 23:05

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مارچ2024ء) کیماڑی پولیس نے لیاری گینگ وار کے سرگرم رکن اور ارشد پپو کے بھتیجے کو گرفتار کرلیاکیماڑی پولیس کے مطابق ٹارگیٹڈ کارروائی کرتے ہوئے لیاری گینگ وار کا سرگرم رکن طلحہ عرف جہانگیر کو گرفتار کرلیاہے جب کہ گرفتار ملزم بدنام زمانہ لیاری گینگ وار کا سرغنہ ارشد پپو کا بھتیجا ہے۔

(جاری ہے)

پولیس حکام کے مطابق ملزم ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری اور منشیات فروشی سمیت متعدد سنگین جرائم میں ملوث ہے، گرفتار ملزم کے قبضہ سے غیر قانونی اسلحہ اور منشیات برآمد ہوئی ہے جبکہ ملزم لاشاری محلہ، جہان آباد اور ملحقہ علاقوں میں منشیات کا نیٹ ورک آپریٹ کررہا تھا۔

پولیس حکام نے بتایا کہ ملزم نے دوران انٹروگیشن مخالف گینگ وار گروپوں پر گرنیڈ حملوں سمیت، ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری کی متعدد وارداتوں کا بھی انکشاف کیا ہے۔پولیس حکام کے مطابق ملزم اس سے قبل بھی ایکسپلوزیو ایکٹ، قتل و نا جائز اسلحہ جیسے مختلف مقدمات میں گرفتار ہو کر جیل جاچکا ہے، ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش کی جارہی ہے۔