امریکہ، بلیک کیٹ کے بارے میں معلومات دینے والے کے لیے 10 ملین ڈالرانعام

جمعرات 28 مارچ 2024 12:07

امریکہ، بلیک کیٹ کے بارے میں معلومات دینے والے کے لیے 10 ملین ڈالرانعام
واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مارچ2024ء) امریکی محکمہ خارجہ نے بلیک کیٹ کے نام سے مشہور رینسم ویئر گروپ کے بارے میں معلومات کے لیے 10 ملین ڈالر تک کے انعام کی پیشکش کی ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اس گروپ نے یونائیٹڈ ہیلتھ ٹیکنالوجی یونٹ کو ہیک کیا اور پورے ملک میں انشورنس کی ادائیگیوں میں خلل ڈالا۔BlackCat ransomware سروس گروپ (جسے ALV بھی کہا جاتا ہی)نے ریاستہائے متحدہ اور پوری دنیا میں بنیادی ڈھانچے کے اہم شعبوں کے کمپیوٹر نیٹ ورکس میں دراندازی کی۔

یونائیٹڈ ہیلتھ نے گزشتہ ہفتے کہا تھا کہ اس نے 14 بلین ڈالر سے زیادہ کے طبی دعووں کے بیک لاگ کو پورا کرنا شروع کر دیا ہے۔ اس سائبر حملے کی وجہ سے فروری کے آخر میں شروع میں بڑے پیمانے پر خلل پڑا۔

(جاری ہے)

یونائیٹڈ ہیلتھ کیئر کا ٹیکنالوجی یونٹ انشورنس کمپنیوں سے میڈیکل کمپنیوں کو ادائیگیوں کے عمل میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے اور بعض صورتوں میں سائبر حملے کی وجہ سے پیدا ہونے والی رکاوٹ مریضوں اور ڈاکٹروں کو طبی خدمات کی ادائیگی پر مجبور کرتی ہے۔

اس حملے نے 30 ملین سے زیادہ غریب اور غیر بیمہ مریضوں کی خدمت کرنے والے کمیونٹی ہیلتھ سینٹرز پر شدید اثر ڈالا۔ہیکرز نے اس ماہ کے شروع میں کہا تھا کہ کمپنی نے اپنے سسٹم کو بحال کرنے کی کوشش میں 22 ملین ڈالر تاوان ادا کیا ہے۔ تاہم اس نے نہیں بتایا کہ رقم وصول کرنے کے بعد کمپنی کی خدمات بحال کی ہیں یا نہیں۔ہیک کے فورا بعد گروپ نے اپنی ویب سائٹ پر ایک جعلی بیان ڈالا جس میں دعوی کیا گیا کہ حکام اس کی سرگرمیوں پر قابو پانے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔