غزہ پر اسرائیلی بمباری جاری، مزید 70 فلسطینی شہید

حماس اور اسرائیلی فوجی کے درمیان جھڑپوں میں ایک صہیونی فوجی بھی مارا گیا

جمعرات 28 مارچ 2024 15:47

مقبوضہ غزہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مارچ2024ء) اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں جنگ بندی قرار داد کے بعد بھی غزہ پر اسرائیلی کی بمباری جاری ہے، 24 گھنٹوں میں مزید 70 سے زائد فلسطینی شہید اور درجنوں زخمی ہوگئے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق جنوبی غزہ میں حماس اور اسرائیلی فوجی کے درمیان جھڑپوں میں ایک صہیونی فوجی بھی مارا گیا، اسرائیلی فوج نے ہلاکت کی تصدیق کردی ہے۔

(جاری ہے)

ادھر رمضان کے فوری بعد رفح میں 6 ہفتوں تک اسرائیلی حملوں کی منصوبہ بندی کا انکشاف ہوا ہے، اسرائیلی اخبارکے مطابق فلسطینیوں کی بے دخلی سے متعلق اسرائیل مصر کو باضابطہ طور پر آگاہ کرے گا۔اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے اقوام متحدہ کی قرارداد بھی مسترد کرتے ہوئے کہا کہ سلامتی کونسل میں امریکی فیصلہ بہت برا اقدام تھا، حماس کو سمجھنا چاہیے کہ اسرائیل پر عالمی دبا کام نہیں کرے گا۔نیتن یاہو نے واضح کیا کہ اسرائیلی وفد کو امریکا نہ بھیجنے کا فیصلہ حماس کو پیغام تھا کہ غزہ میں جنگ نہیں روکے گی۔