خصوصی عدالت ، غیر قانونی بھرتی کیس میں پرویز الہی اور محمدخان بھٹی کی ضمانت خارج کرنے کا تحریری فیصلہ جاری

جمعرات 28 مارچ 2024 17:42

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مارچ2024ء) لاہور کی انسداد رشوت ستانی کی خصوصی عدالت نے پنجاب اسمبلی میں غیر قانونی بھرتیوں کے مقدمے میں سابق وزیر اعلی پنجاب چوہدری پرویز الہی اور سابق پرنسپل سیکرٹری محمد خان بھٹی کی ضمانت خارج کرنے کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔

(جاری ہے)

اینٹی کرپشن کورٹ کے جج ارشد حسین نے گزشتہ روز کا چار صفحات پر مشتمل فیصلہ جاری کیا جس میں قرار دیا گیا کہ ملزموں کیخلاف نتائج میں رد و بدل اور جعل سازی کے شواہد موجود ہیں ،فیصلے میں نشاندہی کی گئی کہ تحریری امتحان میں فیل ہونے والوں کو نمبر بڑھا کر پاس کیا گیا اور دو قسم کی رزلٹ شیٹس ریکارڈ پر موجود ہیں۔

عدالت نے فیصلے میں قرار دیا کہ من پسند امیدواروں کو بھرتی کرنے کیلئے سلیکشن کمیٹی میں تبدیلی کی گئی اور اسپیکر کو بھی اس میں شامل کیا گیا ۔پرویز الہی سمیت دیگر ملزمان نے فیل ہونیوالے امیدواروں کو پاس کر کے گریڈ 17میں ملازمت دی۔عدالت نے قرار دیا کہ کہ ملزمان کی ضمانت خارج کرنے کیلئے کافی مواد موجود ہے جس کی بنیاد پر عدالت نے دونوں کی ضمانت کی درخواستیں مسترد کر دیں۔