Live Updates

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے ورک چارج ملازمین کی تنخواہیں جاری کرنے کی منظوری

جمعرات 28 مارچ 2024 20:23

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے ورک ..
فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 مارچ2024ء) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے ورک چارج ملازمین کی تنخواہیں جاری کرنے کی منظوری دے دیں جبکہ پٹرول کی مد میں فنڈز جاری نہ ہونے پر شہر بھر میں کوڑا کرکٹ کے ڈھیر لگ گئے، کوڑا کرکٹ نہ اٹھائے جانے پر وزیراعلیٰ پنجاب کا ستھرا پنجاب پروگرام بری طرح متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

آن لا ئن کے مطا بق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے دورہ فیصل آباد کے موقع پر فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے سینکڑوں ورک چارج ملازمین کو ماہ مارچ کی تنخواہیں نہ ملنے پر احتجا ج کیا گیا تھا کہ تنخواہیں نہ ملنے پر ورک چارج ملازمین کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے ہو چکے ہیں۔ رمضان المبارک اور مسیحی برادری کے ایسٹر کے تہوار کے موقع پر تنخواہیں نہ ملنے سے ورک چارج ملازمین شدید پریشانی میں مبتلا ہیں۔

(جاری ہے)

غریب ملازمین کے گھروں میں نوبت فاقوں تک پہنچ چکی ہے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سٹی صدر شیخ اعجاز احمد ایڈووکیٹ نے بھی وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے ملاقات کر کے ایف ڈبلیو ایم سی کے ورک چارج ملازمین کو تنخواہیں نہ ملنے کی نشاندہی کی کہ مذکورہ ملازمین ستھرا پنجاب پروگرام کو کامیاب کروانے میں دن رات کوشاں ہیں جس پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ایف ڈبلیو ایم سی کے ورک چارج ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی کے احکامات جاری کر دیئے۔

ورک چارج ملازمین کو تنخواہیں ان کے اکائونٹس میں ٹرانسفر ہو جائینگی جبکہ دوسری طرف ایف ڈبلیو ایم سی کو پٹرول کی مد میں فنڈز ختم ہونے پر شہر بھر میں جگہ جگہ کوڑا کرکٹ کے ڈھیر لگ گئے۔ ایف ڈبلیو ایم سی کو کوڑا کرکٹ اٹھانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر حکومت نے فوری طور پر پٹرول کے فنڈز جاری نہ کئے تو ستھرا پنجاب پروگرام کے متاثر ہونے کا شدید خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات