اسرائیل نے سفید پرچم اٹھانے والے 2 فلسطینیوں کو بھی قتل کر دیا

یہ واقعہ جاری اسرائیلی مظالم کی واضح تصدیق ہے،نمائندہ اقوام متحدہ رچرڈفالک

جمعرات 28 مارچ 2024 20:41

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 مارچ2024ء) اسرائیل کے ہاتھوں نہتے فلسطینیوں کے قتل کا ایک اور واقعہ پیش آیا، سفید پرچم اٹھانے کے باوجود 2 فلسطینیوں کو گولیاں مار کر قتل کیا گیا۔اقوام متحدہ کے نمائندے رچرڈ فالک نے کہا ہے کہ یہ واقعہ جاری اسرائیلی مظالم کی واضح تصدیق ہے۔عرب میڈیا نے کہا کہ اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ سٹی، شاطی اور جبالیہ پناہ گزین کیمپ پر فضائی حملے کیے گئے۔

(جاری ہے)

اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق غزہ پر 3 دن میں اسرائیلی حملوں میں 160 فلسطینی شہید اور 195 زخمی ہوئے ہیں۔دوسری جانب امریکی محکمہ خارجہ نے اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے فرانسسکا البانیز پر یہود دشمنی کا الزام لگا دیا۔عرب میڈیا کے مطابق فرانسسکا البانیز نے کہا تھا کہ غزہ میں اسرائیل نسل کشی کر رہا ہے۔برطانیہ میں 130 سے زائد ارکان پارلیمنٹ نے مطالبہ کیا ہے کہ اسرائیل کو اسلحے کے برآمدی لائسنس حکومت فوری معطل کرے۔واضح رہے کہ روایتی طور پر سفید پرچم اٹھانے سے مراد میدان جنگ میں ہتھیار ڈالنے کی علامت ہوتی ہے۔