Live Updates

وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف نے آئندہ 5 سالوں میں تمام کھالے پکے کرنے کا حکم دے دیا

جمعرات 28 مارچ 2024 19:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مارچ2024ء) وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف نے آئندہ 5 سالوں میں تمام کھالے پکے کرنے کا حکم دے دیا، کسانوں کے لئے انقلابی و تاریخی اقدامات صوبے بھر کے تمام کھا لے پکے کر نے کے پروگرام اور سولر ٹیوب ویل پراجیکٹ کی اصولی منظوری بھی دیدی، اس ضمن میں پہلے مرحلے میں دو سال کے اندر10ارب کی لاگت سے 1200 کھالے پختہ کئے جائیں گے اور دوسرے مرحلے میں 7ہزار کھالے پکے کیے جائینگے،25ایکڑ تک زمین رکھنے والے کاشتکاروں کو دو سال میں سولر سسٹم مہیا کئے جائیں گے۔

وزیر اعلی مریم نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں متعدد زرعی پراجیکٹس کی بھی اصولی منظوری دی گئی۔ سیکرٹری زراعت نے ایگریکلچر سے متعلق منصوبوں پر بریفنگ دی۔ اجلاس میں کاشتکاروں کو 60فیصد سبسڈی پر 56 اقسام کی زرعی مشینری دینے کا اصولی فیصلہ کیا گیا جبکہ کاشتکاروں کوایک ہزار لیزر لیولر اگلے 6 ماہ میں دئیے جائینگے۔

(جاری ہے)

وزیر اعلی مریم نواز شریف نے بیج کی پیداوار 4لاکھ ٹن سے بڑھا کر 6لاکھ ٹن تک کرنے کی بھی ہدایت کی۔

اجلاس میں یونیورسٹی آف ایگریکلچر فیصل آباد کے تعاون سے سویابین سیڈ کی ایک لاکھ ایکڑ پر کاشتکاری کی تجویز پر غورکیا گیا۔ وزیر اعلی مریم نواز شریف نے کہا کہ ہائی ٹیک زرعی مشینری پر ٹیکس اور ڈیوٹی ختم کروانے کیلئے وفاقی حکومت سے رابطہ کیا جائے گا۔اجلاس میں سموگ کنٹرول کرنے اور فصلوں کی باقیات کو جلانے سے بچانے کیلئے رائس سٹرا شیڈر مشین پر ٹیکس ختم کروانے کیلئے وفاقی حکومت سے رابطے پر اتفاق کیا گیا۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ ہائی ٹیک زرعی مشینری پر 30سے 37فیصد ٹیکس اور ڈیوٹی ہے،میکانائزیشن پلان کے تحت 3 ماہ میں دو ارب کی لاگت سے زرعی مشینری خریدی جائے گی،مشینری کاشتکاروں کو سبسڈی پر دی جائے گی، دو سالہ میکانائزیشن پلان کے تحت 23ہزار زرعی آلات اور 2280لیزر لینڈ لیولنگ 13.4ارب روپے کی لاگت سے سبسڈی پر کاشتکاروں کو دیئے جائیں گے۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ مینول بوائی کی وجہ سے 12فیصد گندم کی پیداوار اور 18فیصد چاول کی پیداوار کم ہوتی ہے،پاکستان کی 29 ملین ٹن گندم کی ضرورت ہے جس میں سے 26ملین ٹن پنجاب پیدا کرتا ہے، پاکستان میں مختلف فصلوں کی کاشتکاری کیلئے سالانہ 1.75ملین ٹن سیڈ کی ضرورت ہے، سالانہ 50 ارب کا سیڈ درآمد کیا جاتا ہے۔

سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، وزیر اطلاعات عظمی زاہد بخاری، وزیر زراعت عاشق حسین کرمانی، سابق سینیٹر پرویز رشید، ایم پی اے ثانیہ عاشق، سیکرٹریز زراعت، خزانہ، صدر بنک آف پنجاب اور دیگر حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات