Live Updates

~ بانی پی ٹی آئی کی 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس میں ضمانت کی درخواست

اسلام آباد ہائی کورٹ نے وکیل سردار لطیف کھوسہ کی عدم پیشی کے باعث بغیر کارروائی ملتوی کردی

جمعرات 28 مارچ 2024 21:05

) اسلام آباد(آن لائن )اسلام آباد ہائیکورٹ میں بانی پی ٹی آئی کی 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس میں ضمانت کی درخواست پر وکیل سردار لطیف کھوسہ کی عدم پیشی کے باعث سماعت بغیر کارروائی ملتوی کردی گئی ۔جمعرات کوچیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس طارق محمود جہانگیری نے درخواست پر سماعت کی،سردار لطیف خان کھوسہ کے معاون وکیل نے عدالت کوبتایاکہ سردار لطیف کھوسہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کیلئے اڈیالہ جیل گئے ہیں، اس پر چیف جسٹس نے کہاکہ ہم آئندہ ہفتے کی تاریخ دے دیتے ہیں بعدازاں عدالت نے بانی پی ٹی آئی کی درخواست پر سماعت 3 اپریل تک ملتوی کر دی۔

یاد رہے کہ رواں سال 6 جنوری کو ہونے والی سماعت میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ پر فردِ جرم عائد نہیں ہوسکی تھی،6 جنوری کو ہونے والی سماعت میں عدالت نے نیب کے 5 گواہان کو بھی طلب کرلیا تھا۔

(جاری ہے)

بعد ازاں 6 مارچ کو ہونے والی سماعت میں نیب کے 3 گواہوں کے بیانات قلمبند کرلیے گئے تھے۔عدالت نے 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں 6 شریک ملزمان کو اشتہاری اور مفرور مجرم قرار دے دیا تھا۔

اس سے قبل 4 جنوری کو بھی عمران خان اور ان کی اہلیہ پر فرد جرم نہیں عائد ہوسکی تھی اور 190 ملین پاؤنڈز ریفرنسز میں درخواست ضمانت پر نیب کی جانب سے دلائل دیے گئے تھے جس کے بعد سماعت 6 جنوری تک ملتوی کردی گئی تھی۔واضح رہے کہ القادر ٹرسٹ کیس میں الزام لگایا گیا ہے کہ عمران خان اور ان کی اہلیہ نے پی ٹی آئی کے دور حکومت میں برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی (این سی ای) کی جانب سے حکومتِ پاکستان کو بھیجے گئے 50 ارب روپے کو قانونی حیثیت دینے کے عوض سینکڑوں کنال مالیت کی اراضی حاصل کی۔

یہ کیس القادر یونیورسٹی کے لیے زمین کے مبینہ طور پر غیر قانونی حصول اور تعمیر سے متعلق ہے جس میں ملک ریاض اور ان کی فیملی کے خلاف منی لانڈرنگ کے کیس میں برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی (این سی ای) کے ذریعے 140 ملین پاؤنڈ کی وصولی میں غیر قانونی فائدہ حاصل کیا گیا۔عمران خان پر یہ بھی الزام ہے کہ انہوں نے اس حوالے سے طے پانے والے معاہدے سے متعلق حقائق چھپا کر کابینہ کو گمراہ کیا، رقم (140 ملین پاؤنڈ) تصفیہ کے معاہدے کے تحت موصول ہوئی تھی اور اسے قومی خزانے میں جمع کیا جانا تھا لیکن اسے واجبات کی وصولی میں ایڈجسٹ کیا گیا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات