شاہ غلام قادر کا مرکزی حکومت کی جانب سے رمضان پیکج کی تقسیم کے عمل کا جائزہ لینے کیلئے مظفرآباد کے مختلف یوٹیلیٹی سٹورز کا دورہ

جمعرات 28 مارچ 2024 21:10

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مارچ2024ء) صدر پاکستان مسلم لیگ ن آزاد جموں و کشمیر شاہ غلام قادر نے مرکزی حکومت کی جانب سے رمضان پیکج کی تقسیم کے عمل کا جائزہ لینے کیلئے دارالحکومت مظفرآباد کے مختلف یوٹیلیٹی سٹورز کا اچانک دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا، حکومت پاکستان کی جانب سے رمضان پیکج کا دائرہ کار آزاد کشمیر میں بڑھانے اور عوام کو سستی اشیاء کی فراہمی پر شکریہ ادا کیا، اس موقع پر صدر پاکستان مسلم لیگ ن آزاد کشمیر شاہ غلام قادر نے کہا ہے کہ وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے اس سال رمضان ریلیف پیکج 7ارب سے بڑھا کر 12.5ارب کر دیا ہے اور اس کا دائرہ کار بھی بڑھا دیا ہے حکومت پاکستان یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کانیٹ ورک آزادکشمیر سمیت ملک بھر میں عوام تک پہنچا رہی ہے بلاشبہ یہ ایک فلاحی اور مثالی اقدام ہے جس سے عام آدمی کو خاطر خواہ ریلیف ملے گا اور یہی موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

(جاری ہے)

عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے ہم سب کو مل جل کر کام کرنا ہوگا۔ انتظامیہ حکومت پاکستان کی ہدایات کے مطابق آزاد کشمیر کے غریب، نادار اور مستحق افراد تک رمضان ریلیف پیکج پہنچانے کیلئے فوری اقدامات کرے۔ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز مظفر آباد میں مختلف یوٹیلیٹی سٹورز کے دورہ کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر سابق وزیرحکومت ڈاکٹر مصطفی بشیر عباسی، فرحت علی میر، مئیر میونسپل کارپوریشن سکندر گیلانی، انجم زمان اور دیگر مسلم لیگی عہدیداران کثیر تعداد میں موجود تھے۔

اس موقع پر یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کے ایریا منیجر ظہیر تنولی نے صدر پاکستان مسلم لیگ(ن) شاہ غلام قادر کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان عوا م کی سہولت کیلئے رمضان المبارک کے مہینے میں یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کے ملک بھر میں پھیلے اپنے نیٹ ورک کے خصوصی پیکج کے تحت عوام کو 19 بنیادی اشیا ئے خوردونوش بشمول آٹا،گھی،خوردنی تیل، چینی،دال چنا،سفید چنے،بیسن، کھجورر، چاول، چائے، مصالحہ جات،دودھ اور مشروبات رعایتی نرخوں پر فراہم کر رہی ہے ۔