معروف اداکار لطیف کپاڈیہ کو مداحوں سے بچھڑے 22 برس بیت گئے

لطیف کپاڈیہ کو فنی خدمات کے صلے میں 23 مارچ 2001ء کو تمغہ حسن کارکردگی سے نوازا گیا

جمعہ 29 مارچ 2024 11:05

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مارچ2024ء) اپنی مزاحیہ اداکاری سے لوگوں کے ہونٹوں پر ہنسی بکھیرنے والے معروف پاکستانی اداکار لطیف کپاڈیہ کو مداحوں سے جدا ہوئے 22 برس بیت گئے۔تفصیلات کے مطابق اداکار لطیف کپاڈیہ 27 مارچ 1934ء کو برٹش انڈیا کے شہر ناسک میں پیدا ہوئے اور قیام پاکستان کے بعد وہ کراچی منتقل ہو گئے، بنیادی طور پر وہ بینکاری کے شعبے سے وابستہ تھے لیکن اداکاری کا شوق رکھتے تھے۔

(جاری ہے)

پچاس کی دہائی میں جب تھیٹر اپنے عروج پر تھا تو لطیف کپاڈیہ نے بھی کئی ڈراموں میں یادگار کردار نبھائے اور تھیٹر کے منجھے ہوئے فنکار کے طور پر اپنی پہچان بنائی، لطیف کپاڈیہ 60 کی دہائی میں پاکستان ٹیلی ویڑن سے منسلک ہو گئے۔اداکار لطیف کپاڈیہ کا 1967ء میں پہلا ٹی وی ڈرامہ ’شیشے کا آدمی‘ پیش کیا گیا جس کے بعد انہوں نے بارش، ففٹی ففٹی، برزخ، نادان نادیہ اور شکست آرزو میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے۔لطیف کپاڈیہ کو فنی خدمات کے صلے میں 23 مارچ 2001ء کو تمغہ حسن کارکردگی سے نوازا گیا، اداکار لطیف کپاڈیہ 29 مارچ 2002ء کو 68 برس کی عمر میں اپنے مداحوں کو سوگوار چھوڑ کر خالق حقیقی سے جا ملے۔