Live Updates

ون وے کی خلاف و رزی روکنے کیلئے لاہور کی مرکزی شاہراہوں پر ٹائر کلرز لگانے کا فیصلہ

ٹیپا اور ٹریفک پولیس نے 18 مقامات کی نشاندہی کر لی۔ٹائر کلرز کی تنصیب پر 3 کروڑ 74 لاکھ 50 ہزار روپے کی لاگت آئے گی

Faisal Alvi فیصل علوی جمعہ 29 مارچ 2024 11:47

ون وے کی خلاف و رزی روکنے کیلئے لاہور کی مرکزی شاہراہوں پر ٹائر کلرز ..
لاہور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔29 مارچ2024 ء) صوبائی دارالحکومت لاہور میں ون وے کی خلاف ورزی روکنے کیلئے مرکزی شاہراہوں پر ٹائر کلرز لگانے کا فیصلہ کرلیا گیا،ٹیپا اور ٹریفک پولیس نے 18 مقامات کی نشاندہی کر لی۔ٹائر کلرز کی تنصیب پر 3 کروڑ 74 لاکھ 50 ہزار روپے کی لاگت آئے گی۔ ٹیپا 45 روز میں شہر کے 18 مختلف مقامات پر ٹائر کلرز نصب کرے گا۔چیف انجینئر ٹیپا اقرار حسین نے آئندہ ماہ ٹائر کلرز کی تنصیب کا آغاز کرنے کی ہدایت کر دی۔

لاہو ر کی جن مرکزی شاہراہوں پر ٹائرکلرز لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ان میں اچھرہ، قرطبہ چوک ،ایل او ایس اور شمع یوٹرن پر ٹائر کلرز لگیں گے، سکیم موڑ جنکشن، بجلی گھر اور ملتان چونگی، بانساں والا بازار، دو موریہ اور ایک موریہ پل، اکبری منڈی، سرکلر روڈ پر ٹائر کلرز کی تنصیب ہو گی، میو ہسپتال، ظفر علی روڈ، شادمان، پی آئی سی اور مین مارکیٹ یوٹرن پر بھی ٹائر کلرز لگائے جائیں۔

(جاری ہے)

ٹریفک پولیس کے وضع کردہ 6 سرکلز میں ٹائر کلرز لگائے جائیں گے۔یاد رہے کہ گزشتہ دنوںوزیراعلی پنجاب مریم نواز کے زیر صدارت ٹریفک قوانین کے متعلق اجلاس ہواتھاجس میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کی نشاندہی کے لئے آرٹیفیشل انٹیلی جنس ٹیکنالوجی استعمال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، پہلے مرحلے میں موٹر سائیکل کا ہیلمٹ اورگاڑی میں سیٹ بیلٹ نہ پہننے پرآرٹیفیشل انٹیلی جنس مانیٹرنگ کے ذریعے ای چالان ہو گا، دوسرے مرحلے میں ٹریفک قوانین کی 24خلاف ورزیوں پر آرٹیفیشل انٹیلی جنس مانیٹرنگ کے ذریعے چالان شروع ہو گا۔

اجلاس میں ٹریفک کی روانی میں بہتری کے لئے31 مقامات پر عارضی تجاوزات فوری طور پر ہٹانے کا بھی فیصلہ کیا گیاتھا۔اس حوالے سے سی ٹی او نے مزید کہا کہ ٹریفک جام کی شکایت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی، چوک، چوراہوں سے بھکاریوں کے خاتمے کیلئے اینٹی بیگنگ سکواڈ تشکیل دے کر پہلے مرحلے میں ماڈل روڈسےبھکاریوں کو ہٹایا جائے گا، تجاوزات،غیرقانونی پارکنگ سٹینڈز اور رانگ پارکنگ کرنیوالوں کیخلاف سخت سے سخت کارروائی کی جائے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات