بھارت کشمیریوں کی آزادی کی آواز کو دبانے کےلئے انہیں وحشیانہ مظالم کا نشانہ بنارہا ہے، حریت کانفرنس

جمعہ 29 مارچ 2024 11:50

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مارچ2024ء) کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ بی جے پی کی بھارتی حکومت کشمیریوں کی آزادی کی آواز کو دبانے کے لیے انہیں وحشیانہ مظالم کا نشانہ بنارہی ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈوکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں ایک بیان میں کہا کہ مقبوضہ جموںوکشمیرمیں ہر کشمیری خوف و دہشت کے ماحول میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت مقبوضہ علاقے میں تمام اختلافی آوازوں کو دبانے کے لیے کالے قوانین کا بے دریغ استعمال کر رہی ہے۔ترجمان نے کہا کہ مودی حکومت نے اگست2019میں مقبوضہ علاقے کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے بعد نہتے کشمیریوں پر مظالم میں تیزی لائی ہے۔انہوں نے کہا کہ مسلم اکثریتی جموں وکشمیر میں آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کےلئے اب تک لاکھوں غیر کشمیریوں کو علاقے کے ڈومیسائل سرٹیفکیٹس دیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

بھارتی حکومت نے حریت رہنمائوں ، کارکنوں ، صحافیوں ، حقوق کے کارکنوں ، طلبہ اور علمائے دین سمیت ہزاروں کشمیریوں کو جھوٹے مقدمات میں جیلوں اور عقوبت خانوں میں ڈال رکھا ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ بھارت قتل و غارت، گرفتاریوں، تشدد اور دیگر وحشیانہ ہتھکنڈوں کے ذریعے کشمیریوں کو اپنی منصفانہ جدوجہد ترک کرنے پر ہرگز مجبور نہیں کرسکتا۔

ترجمان نے کشمیریوں پر زور دیا کہ وہ تحریک آزادی کے خلاف مذموم بھارتی منصوبوں کو ناکام بنانے کےلئے اپنی صفوں میں اتحاد و اتفاق کو مزید مضبوط بنائیں۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کی تیزی سے بگڑتی ہوئی صورتحال کا نوٹس لے اور مسئلہ کشمیر کے حل کےلئے بھارت پر دبائو ڈالے۔