ڈی جی رینجرز کی زیر صدارت سکیورٹی کانفرنس کا انعقاد

جمعہ 29 مارچ 2024 13:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مارچ2024ء) ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل اظہر وقاص کی زیر صدارت سکیورٹی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ ترجمان سندھ رینجرز کی جانب سے جمعہ کو جاری اعلامیہ کے مطابق ہیڈ کوارٹرزپاکستان رینجرز سندھ میں منعقدہ کانفرنس میں کراچی شہر کے امن و امان کی مجموعی صورت حال کا جائزہ لیا گیا۔ کانفر نس میں کمشنر کراچی، ایڈیشنل آئی جی کراچی، سپیشل برانچ، آپریشن برانچ ،ڈی آئی جی سی ٹی ڈی، جوائنٹ ڈی جی آئی بی،ڈی آئی جیز(سپیشل برانچ، ایسٹ، ساؤتھ، ویسٹ، سی آئی اے اور ٹریفک)، پولیس، رینجرزاور حساس اداروں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔

اجلا س کے دوران یومِ علی، ایسٹر، رمضان کا آخری عشرہ، چاندرات اورعیدالفطر کی مناسبت سے خصوصی سکیورٹی لائحہ عمل کا تفصیلی جائزہ لیا گیااور اس سلسلے میں کئے جانے والے اقدامات کی تو ثیق کی گئی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں سٹریٹ کرائم کی روک تھام کے لیے گشت اور سنیپ چیکنگ میں اضافہ جبکہ جرائم پیشہ افراد کی سرکوبی کے لیے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے گرفتاری کے لیے مشتر کہ لائحہ عمل تشکیل دیا گیا۔

اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ دیئے گئے احکامات کی روشنی میں مروجہ قوانین اور ضابطہ اخلاق کی مکمل پاسداری کو ہر ممکن طور پر یقینی بنایا جائے گا۔ اس موقع پر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنانے، کسی بھی قسم کی مذہبی منافرت، جبری فطرہ، زکواۃ اور شدت پسندی پھیلانے والے عناصر پر کڑی نظررکھنے کے حوالے سے حکمت عملی کا بھی ازسرنوجائزہ لیا۔ اعلامیہ میں عوام سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی شرپسند عناصر،مشکوک سر گرمی اور ناخوش گوار واقعہ کی فوری اطلاع تعینات رینجرز اہلکار، رینجرز ہیلپ لائن 1101، رینجرز مددگار واٹس ایپ نمبر03479001111 پر کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے دیں۔