جامعہ کراچی: 63 طلباوطالبات میں ایک کروڑ44 لاکھ نوے ہزار کی اسکالرشپ کے چیکس تقسیم

تعلیم وتحقیق پر صرف ہونے والی رقم اخراجات نہیں بلکہ سرمایہ کاری ہے اور تعلیم سے بہرہ مند اقوام دنیا پر راج کررہی ہیں۔ڈاکٹر خالد عراقی

جمعہ 29 مارچ 2024 17:07

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مارچ2024ء) اسٹوڈنٹس فائنینشل ایڈ آفس جامعہ کراچی کے زیر اہتمام جمعہ کے روز سندھ ایچ ای سی انڈیجینس اسکالرشپ 2023-24 ء برائے ایم فل پی ایچ ڈی اسٹوڈنٹس کی تقسیم کی تقریب چائنیز ٹیچرزمیموریل آڈیٹوریم جامعہ کراچی میں منعقدہوئی جس میں 63 طلباوطالبات میںبدست شیخ الجامعہ پروفیسرڈاکٹر خالد محمودعراقی ایک کروڑ 44 لاکھ نوے ہزار روپے کے چیکس تقسیم کئے گئے اور ہر طالبعلم کو دولاکھ تیس ہزار روپے کا چیک دیاگیا۔

تفصیلات کے مطابق کلیہ علوم کے 35 طلباوطالبات جن میں 22 ایم فل جبکہ 13 پی ایچ ڈی،کلیہ فنون وسماجی علوم کے 13 طلباوطالبات جس میں 11 ایم فل اور 02 پی ایچ ڈی ،کلیہ علم الادویہ کے 05 جن میں 02 ایم فل اور 03 پی ایچ ڈی جبکہ کلیہ معارف اسلامیہ کے 07 طلباوطالبات جن میں 06 ایم فل اور ایک پیچ ڈی شامل ہیں ۔

(جاری ہے)

اسی طرح کلیہ نظمیات وانتظامی علوم کے 03 طلبہ جن میں 02 ایم فل اور ایک پی ایچ ڈی شامل ہیں کواسکالرشپ کے چیک تفویض کئے گئے۔

جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر خالد محمودعراقی نے کہا کہ ذہین اور باصلاحیت طلبہ قوم کا سرمایہ ہیں، اسکالرشپ سے صرف طلبہ کی حوصلہ افزائی نہیں بلکہ ان میں تدریس وتحقیق کا جذبہ مزید پروان چڑھتاہے۔بدقسمتی سے تعلیم پاکستانی حکمرانوں کی ترجیحات میں شامل نہیں،تعلیم وتحقیق پر صرف ہونے والی رقم اخراجات نہیں بلکہ سرمایہ کاری ہے اور جن اقوام نے تعلیم وتحقیق پر سرمایہ کاری کی ہے آج دنیا ان کی طرف دیکھتی ہے اور تعلیم سے بہرہ مند اقوام دنیا پر راج کررہی ہیں۔

ڈاکٹر خالد عراقی نے مزید کہا کہ کردارکی تعمیر کے بغیر تعلیم بے مقصد ہے،بدقسمتی سے ہمارے معاشرے میں جھوٹ بولناعام اوردھوکہ دہی کو آرٹ بنانے کی کوشش کی جارہی ہے جولمحہ فکریہ ہے۔ہمیں دنیا کا احتساب کرنے کی فکر کے بجائے اپنے آپ سے آغاز کرناچاہیئے۔سندھ ایچ ای سی کی جانب سے طلبہ کی مالی معاونت اور اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لئے اسکالرشپ کی فراہمی لائق تحسین اورقابل تقلید ہے۔

قبل ازیں انچارج اسٹوڈنٹس فائنینشل ایڈ آفس جامعہ کراچی ڈاکٹر ذی اسماء حنیف خان نے اسکالرشپ کے حصول کے طریقہ کار اور اس سلسلے میں ہونے والی جانچ پڑتال اوردیگر تفصیلات پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ شیخ الجامعہ کی خصوصی ہدایات اور ذاتی دلچسپی کی بناء پر مذکورہ اسکالر شپ کا بروقت اجراء ممکن ہوسکاہے۔تقریب میں اسکالرشپ ایوارڈ کمیٹی کے کنوینرپروفیسرڈاکٹر فیاض وید ،رئیس کلیہ علوم پروفیسرڈاکٹر مسرت جہاں یوسف،رئیس کلیہ فنون وسماجی علوم پروفیسرڈاکٹر شائستہ تبسم ،مشیر امورطلبہ ڈاکٹر نوشین رضا ،مختلف شعبہ جات کے صدوراور اساتذہ نے بھی شرکت کی۔