حکومت تاجروں کے مسائل کے حل کو اولین ترجیح دے رہی ہے، کمشنر مردان ڈویژن

جمعہ 29 مارچ 2024 22:41

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مارچ2024ء) کمشنر مردان ڈویژن شوکت علی یوسفزئی نے کہا ہے کہ تاجر برادری ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کا کردار ادا کرتی ہے۔ حکومت تاجروں کے مسائل کے حل کو اولین ترجیح دے رہی ہے۔ تاجر برادری بھی عوام کو ریلیف دینے کے لیے آگے بڑھے۔ وہ اپنے دفتر میں مرکزی تنظیم تاجران احسان باچہ گروپ کے ایک وفد سے بات چیت کر رہے تھے جنہوں نے اپنے مسائل کے سلسلے میں ان سے ملاقات کی۔

(جاری ہے)

وفد میں تاجر رہنما غلام حسین، لالی کاکا، سید علی شاہ اور دیگر شامل تھے۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نعیم اختر اور ڈپٹی کمشنر مردان محمد فیاض خان شیرپاؤ بھی موجود تھے۔ وفد نے کمشنر مردان کو اپنے مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ شہر خصوصاً بنک روڈ، گجو خان، بغدادہ اور دیگر بازاروں میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ نے کاروبار متاثر کیا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ واپڈا حکام کو ہدایت کی جائے کہ رمضان المبارک کے احترام اور عید کی آمد کےدنوں میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ کم سے کم کیا جائے تاکہ عوام سکون سے خریداری کر سکیں اور بزنس مین برادری کی مشکلات کم ہوں۔