بھارت،ریاست اروناچل پردیش اور ناگالینڈ میں کالے قانون اے ایف ایس پی ایکے نفاذ میں 6 ماہ کی توسیع

جمعہ 29 مارچ 2024 22:50

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 مارچ2024ء) بھارت میں نریندر مودی کی زیر قیادت بھارتیہ جنتاپارٹی کی حکومت نے ناگالینڈ اور اروناچل پردیش ریاستوں میں کالے قانون آرمڈ فورسز سپیشل پاورز ایکٹ ’’اے ایف ایس پی اے‘‘ کے نفاذ میں مزید چھ ماہ کی توسیع کر دی ہے۔

(جاری ہے)

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی وزارت داخلہ کے ایک نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ آرمڈ فورسز سپیشل پاورز ایکٹ کو ناگالینڈ کے 8 اضلاع دیما پور، نیولینڈ، چوموکیڈیما، مون، کیفیر، نوکلک، پھیک اور پیرین اور پانچ دیگر اضلاع کے 21 تھانوں کے علاقوں میں توسیع دی گئی ہے۔

وزارت داخلہ کے ایک اور نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ اے ایف ایس پی اے کو اروناچل پردیش کے تیرپ، چانگ لانگ اور لونگڈنگ اضلاع کے ساتھ ساتھ آسام کی سرحد سے متصل نمسائی ضلع کے نامسائی، مہادیو پور اور چوکم پولیس تھانوں کے دائرہ اختیار میں آنے والے علاقوں میں مزید چھ ماہ کے لیے بڑھا دیا گیا ہے۔مذکورہ قانون بھارتی فورسز کو کسی شخص کو قتل ، گرفتار کرنے کیساتھ دیگر وحشیانہ کارروائیوں کے بے لگام اختیارات دیتا ہے۔