صدر سے فلسطینی سفیر کی ملاقات، مسئلہ فلسطین پر گفتگو

پاکستان اپنے فلسطینی بھائیوں کیساتھ کھڑا رہے گا، صدر مملکت

جمعہ 29 مارچ 2024 23:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مارچ2024ء) صدرمملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان اپنے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ کھڑا رہے گا اور ہر فورم پر آواز بلند کرے گا، فلسطینی عوام بہادر ہیں، اسرائیلی قبضے کے خلاف طویل جدوجہد کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

صدر آصف زرداری سے فلسطین کے سفیر احمد جواد ربیع نے ملاقات کی، جس میں انہوں نے غزہ کی پٹی میں اسرائیلی فوج کے مظالم اور دہشتگردی پر روشنی ڈالی۔

آصف زرداری نے کہا کہ عالمی برادری فلسطینی شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنائے، عالمی برادری غزہ تک انسانی امداد پہنچانے کیلئے کوششیں کرے، پاکستان فلسطینی عوام کیلئے خوراک، ادویات سمیت مزید امدادی سامان بھیجے گا۔فلسطینی سفیر نے تعلیم کے شعبے میں پاکستان کی مدد کو سراہتے ہوئے کہا کہ 50 ہزار سے زائد فلسطینی پاکستان کے تعلیمی اداروں سے مختلف شعبوں میں گریجویشن کر چکے ہیں۔