عیدالفطر کے موقع پر ملازمین کو لمبی چھٹیاں ملنے کا امکان

محکمہ موسمیات کی جانب سے رمضان المبارک 29 دن کا ہونے کی پیشگوئی کردی گئی

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 30 مارچ 2024 12:25

عیدالفطر کے موقع پر ملازمین کو لمبی چھٹیاں ملنے کا امکان
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 30 مارچ 2024ء ) پاکستان میں عیدالفطر کے موقع پر ملازمین کو لمبی چھٹیاں ملنے کی توقع ہے۔ تفصیلات کے مطابق اس بار محکمہ موسمیات کی جانب سے رمضان المبارک 29 دن کا ہونے کی پیشگوئی کی گئی ہے، جس کے درست ہونے کی صورت میں عیدالفطر 10 اپریل بروزبدھ کو ہوگی اور پاکستان میں عید سے ایک روز قبل تعطیلات کا آغاز ہو جاتا ہے، جس کے تحت 9 اپریل بروز منگل کو پہلی چھٹی ہوسکتی اور ممکنہ طور پر 9 اپریل سے 12 اپریل تک 4 دن کی چھٹیاں ملنے کا امکان ہے لیکن اس کے بعد ہفتہ اور اتوار کی سرکاری چھٹی ہوتی ہے جس سے ان چھٹیوں کی تعداد 6 ہو جائے گی، تاہم چھٹیوں کے بارے میں حتمی اعلان حکومت کی جانب سے کیا جائے گا۔

یہاں دلچسپ بات یہ بھی ہے کہ اکثر سرکاری ملازمین 6 اپریل بروز ہفتہ سے ہی چھٹیوں پر چلے جائیں گے اور اس طرح سے اس بار عیدالفطر پر زیادہ تر ملازمین 9 چھٹیوں سے لطف اندوز ہوں گے کیوں کہ 6 اپریل کو ہفتے کے دن سرکاری چھٹی ہوتی ہے، اسی طرح اتوار کی بھی ہفتہ وار تعطیل ہے تو یوں اکثر ملازمین صرف ایک یا دو دن کی چھٹی لینے سے 9 دن کی چھٹیوں سے لطف اندوز ہوں گے۔

(جاری ہے)

بتایا جارہا ہے کہ رمضان المبارک کے دوسرے عشرے کا اختتام قریب آنے پر پاکستان سمیت دنیا بھر میں عید الفطر کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں جب کہ کروڑوں مسلمان یہ جاننے کیلئے بھی کوشاں ہیں کہ عید الفطر کس تاریخ کو ہوگ، چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیرآزاد نے سائنسی بنیاد پر عید کا چاند 29 کا ہونے کا امکان ظاہر کیا ہے، جس کے تحت پاکستان میں عید الفطر بروز بدھ 10 اپریل کو ہوسکتی ہے۔

مولانا عبدالخبیرآزاد نے سائنسی بنیاد پر عید کا چاند 29 کا ہونے کا امکان ظاہرکرتے ہوئے کہا کہ سائنسی لحاظ سے چاند کی عمر 20 گھنٹے کے قریب اور زاویہ بھی 10 ڈگری ہوگا، اگر شوال کا چاند 29 کا ہوا تو پاکستان میں عید الفطر بروز بدھ 10 اپریل کو ہونے کا امکان ہے۔ اسی حوالے سے ماہرین فلکیات کا کہنا ہے کہ شوال کے چاند کی پیدائش 8 اپریل 2024ء کو مکمل سورج گرہن کے واقع ہونے کے ساتھ موافق ہوگی، آدھی رات سے پہلے چاند کے ظاہر ہونے کا مطلب یہ ہے یہ اسلامی دنیا کے بیشتر حصوں میں اگلے دن غروب آفتاب کے بعد نظر آئے گا۔