سندھ انفارمیشن کمیشن اور پلڈاٹ کا ٹرانسپیرنسی اینڈ رائٹ ٹو انفارمیشن ایکٹ 2016 کے حوالے سے مشترکہ کوشش پر اتفاق

ہفتہ 30 مارچ 2024 16:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 مارچ2024ء) سندھ انفارمیشن کمیشن اور پلڈاٹ نے صوبہ سندھ میں سندھ ٹرانسپیرنسی اینڈ رائٹ ٹو انفارمیشن ایکٹ 2016 کے حوالے سے عوامی آگاہی بڑھانے کے لئے مشترکہ کوششوں پر تبادلہ خیال کیا۔احمد محبوب بلال کی سربراہی میں پلڈاٹ کے ایک وفد نے چیف انفارمیشن کمشنر ڈاکٹر جاوید علی اور انفارمیشن کمشنر شاہد عباس جتوئی سے کمیشن کے دفتر میں ملاقات کی۔

اس اقدام کا اہم مقصد نامزد عہدیداروں اور عام آبادی کے درمیان بیداری پیدا کرنا ہے جس میں کمزور طبقوں / برادریوں ، میڈیا اور سول سوسائٹی کے نمائندوں پر توجہ مرکوز کی جائے گی تاکہ وہ آر ٹی آئی قانون کا فعال استعمال کرسکیں۔چیف انفارمیشن کمشنر ڈاکٹر جاوید علی نے سول سوسائٹی کی جانب سے آر ٹی آئی کے استعمال پر زور دیا تاکہ اس قانون کی موثر نگرانی کی جاسکے اور صوبے میں بہتر گورننس کے لئے اس پر عمل درآمد کیا جاسکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے آر ٹی آئی قانون کو فروغ دینے کے لئے پلڈاٹ کی مسلسل حمایت اور کوششوں کی بھی تعریف کی۔قبل ازیں پلڈاٹ کے صدر احمد محبوب بلال نے کمیشن کو مختلف برادریوں اور عوام کی فلاح و بہبود کے لئے پلڈاٹ کے مختلف منصوبوں اور اقدامات کی اہم خصوصیات سے آگاہ کیا۔پلڈاٹ نے یو ایس ایڈ اور سی پی ڈی آئی کے تعاون سے جنوبی پنجاب اور شمالی سندھ میں "ہم آہنگ" منصوبے کا آغاز کیا ہے جس کا مقصد خواتین، اقلیتوں اور دیگر کمزور گروہوں کے خلاف انتہا پسندی اور تشدد کو ختم کرنا ہے۔

"ہم آہنگ" اقدام صوبہ سندھ کے اضلاع بشمول خیرپور، سکھر اور شکارپور میں شروع کیا گیا ہے۔وفد نے شہریوں اور حکومت کے درمیان قیامِ امن اور مکالمے کو فروغ دینے کے لئے نامزد عہدیداروں کے لئے تربیتی ورکشاپ کے انعقاد کے لئے ایس آئی سی سے تعاون کی درخواست کی۔چیف انفارمیشن کمشنر نے وفد کو اس سلسلے میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔