امریکا، نیو یارک میں جو بائیڈن کے خلاف اور فلسطین کے حق میں مظاہرہ

اتوار 31 مارچ 2024 09:20

نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 مارچ2024ء) امریکا کے صدر جو بائیڈن جو 2024 کے صدارتی انتخابات کے دائرہ کار میں عطیہ کی مہم چلا رہے تھے کے خلاف نیویارک میں فلسطینی حامیوں کے ایک گروپ نے احتجاج کیا ہے۔ٹی آرٹی کے مطابق سیکڑوں سول کارکن نیویارک کے مشہور مظاہرہ مرکز ریڈیو سٹی میوزک ہال کے سامنے جمع ہوئے اور غزہ میں عام شہریوں کو ہلاکت پر بائیڈن کی اسرائیل کی حمایت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔

(جاری ہے)

ڈیموکریٹک پارٹی کی جانب سے 25 ملین ڈالرز اکٹھے کرنے کے مقصد سے منعقدہ چندہ نائٹ میں شرکت کرنے والے بائیڈن کے ساتھ ساتھ سابق صدور براک اوباما اور بل کلنٹن کو بھی مظاہرین نے نشانہ بنایا۔مظاہرین نے اسرائیل کی جانب سے غزہ میں شہریوں کی مسلسل ہلاکتوں اور خطے میں مستقل جنگ بندی کی حمایت میں امریکا کی ناکامی پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے "نسل کشی روکو " اور "فلسطین آزاد ہو گا " جیسے نعرے لگائے گئے ۔فلسطینی حامیوں نے غزہ میں فوری طور پر جنگ بندی کا مطالبہ کیا تقریب کے علاقے میں جہاں غیر معمولی حفاظتی اقدامات کیے گئے تھے، نیویارک میں ڈیموکریٹک ووٹروں سے مطالبہ کیا کہ 2024 کے صدارتی دوڑ کے پرائمری انتخابات میں خالی ووٹ ڈال کر اپنا ردعمل ظاہر کریں۔