میانمار کے نوجوان فوج میں بھرتی سے مشتعل

پیر 1 اپریل 2024 10:00

نیپی دو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اپریل2024ء) میانمار کے نوجوان فوج میں بھرتی کئے جانے پر مشتعل ہو گئے۔این ایچ کے نے میانمار کے سرکاری میڈیا کے حوالے سے بتایا کہ رضاکارانہ طور پر فوجی خدمات کے لیے درخواست دینے والے 184 نوجوانوں کو نام کا اندراج کروانے کےلئے دارالحکومت نیپی دو میں طلب کیا گیا ۔

(جاری ہے)

ملک کے سب سے بڑے شہر یانگون اور دیگر جگہوں پر نوجوانوں کو زبردستی بھرتی کرنے کے لیے گھر گھر جانے پر فوجی افسران کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔

فوجی بھرتی کے اعلان کے بعد سے میانمار کے نوجوان ہمسایہ ملک تھائی لینڈ فرار ہونا شروع ہو گئے ہیں ۔ واضح رہے کہ فوج نے فروری میں اعلان کیا تھا کہ وہ اپریل کے وسط سے 18 سال اور اس سے زیادہ عمر کے شہریوں کو بھرتی کرنا شروع کر دے گی۔میانمار کی فوج جس نے 2021 کی بغاوت کے بعد سے ملک میں اقتدار سنبھال رکھا ہے، جمہوریت نواز قوتوں اور نسلی مسلح تنظیموں کی بغاوت پر قابو پانے کی کوشش کر رہی ہے تاہم اُسے فوجی اہلکاروں کی کمی کا سامنا ہے۔