کراچی، ایس ایس پی کا منفرد چھاپہ، گاہک بن کر کیفے پہنچ گئے، شیشہ بند کرادیا،ایس ایچ او معطل

سابق ایس پی رشیدرندساتھیوں سمیت فرارہوگئے تاہم کارروائی کے دوران شیشہ اوردیگرسامان برآمدکرلیاگیا ،پولیس حکام

پیر 1 اپریل 2024 15:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 اپریل2024ء) ایس ایس پی ایسٹ نے گلستان جوہر میں بھیس بدل کر سابق ایس پی کے شیشہ کیفے پر چھاپہ مار کر ایس ایچ او کو معطل کردیااور شیشہ کیفے بھی سیل کردیاتفصیلات کے مطابق سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس ایسٹ کراچی فرخ رضا نے گلستان جوہر میں ایک سابق پولیس افسر کے کیفے خانے پر چھاپہ مارا اور سرعام شیشہ چلانے کی سرپرستی کرنے پر ایس ایچ او کو معطل کر کے عہدے سے ہٹا دیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق ایس ایس پی ایسٹ ڈاکٹر فرخ رضا گزشتہ رات سادہ لباس میں بھیس بدل کر گلستان جوہر بلاک ون میں ریٹائرڈ ایس پی رشید رند کے کیفے چائے شائے کے نام سے بدنام زمانہ شیشہ کیفے جا پہنچے۔ ذرائع کے مطابق ایس ایس پی نے کیفے میں بیٹھ کر سامنے شیشہ چلتا دیکھا اور ایس ایچ او گلستان جوہر کو فون کر کے استفسار کیا کہ علاقے میں کہیں شیشہ کیفے تو نہیں چل رہا جس پر ایس ایچ او گلستان جوہر مالک ابڑو نے انکار کر دیا۔

(جاری ہے)

ایس ایس پی نے جب ایس ایچ او کو گلستان جوہر کے شیشہ کیفے کا حوالہ دیا تو ایس ایچ او گلستان جوہر نے ایس ایس پی کو وہاں کی پرانی ویڈیو بھیج دیں۔ فرخ رضا نے ایس ایچ او کو بتایا کہ وہ خود وہاں بیٹھے ہیں اور شیشہ چل رہا ہے، انہوں نے ایس ایچ او کو بھی وہاں بلوا لیا۔ایس ایس پی کو شیشہ کیفے میں دیکھ کر بھگدڑ مچ گئی۔ ایس ایچ او گلستان جوہر مالک ابڑو کو ایس ایس پی نے منظم جرم چلانے پر شیشہ کیفے میں ہی معطل کر دیا جبکہ ریٹائرڈ ایس پی رشید رند کے خلاف فوری مقدمہ بھی درج کر کے شیشہ کیفے سیل کروا دیا۔حکام کے مطابق سابق ایس پی رشیدرندساتھیوں سمیت فرارہوگئے تاہم کارروائی کے دوران شیشہ اوردیگرسامان برآمدکرلیاگیا ہے۔

متعلقہ عنوان :