ً پاکستان میں ہائی پروفائل حملوں میں اضافہ، مجموعی جنگجو حملوں میں کمی، پکس سیکیورٹی

ؔ پورے مہینے میں عسکریت پسندوں کے کل 56 حملے سامنے آئے، جن کے نتیجے میں 77 افراد مارے گئے اور 67 زخمی ہوئے + 2024 کی پہلی سہ ماہی میں پاکستان میں کل 246 جنگجو حملے ہوئے جن کے نتیجے میں 254 افراد مارے گئے اور 320 زخمی ہوئے،رپورٹ

پیر 1 اپریل 2024 17:55

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 اپریل2024ء) ہائی پروفائل حملوں میں اضافے کے باوجود، پاکستان میں مارچ 2024 کے دوران مجموعی طور پر عسکریت پسندوں کی سرگرمیوں میں نمایاں کمی واقع ہوئی۔ اسلام آباد میں قائم تھنک ٹینک پاکستان انسٹی ٹیوٹ فار کانفلیکٹ اینڈ سیکیورٹی اسٹڈیز (PICSS) کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق پورے مہینے میں عسکریت پسندوں کے کل 56 حملے سامنے آئے، جن کے نتیجے میں 77 افراد مارے گئے اور 67 زخمی ہوئے۔

فروری 2024 کے مقابلے میں، حملوں کی تعداد میں 42 فیصد کی خاطر خواہ کمی واقع ہوئی، اس کے ساتھ جانی نقصان میں 11 فیصد اور زخمیوں میں 43 فیصد کی نمایاں کمی واقع ہوئی۔اس مہینے میں ایک پریشان کن رجحان دیکھنے میں آیا کیونکہ عسکریت پسندوں نے ہائی پروفائل حملوں میں اضافہ کیا، جس میں چار خودکش بم دھماکے بھی شامل ہیں ط جو اگست 2023 کے بعد کسی ایک ماہ میں ہونے والے سب سے زیادہ خود کش حملے ہیں۔

(جاری ہے)

مارچ میں ہونے والے ہائی پروفائل حملوں میں میر علی شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کے کیمپ پر حملہ، گوادر پورٹ کمپلیکس پر حملہ، تربت میں پاکستان نیوی کے دوسرے بڑے ایئر سٹیشن پی این ایس صدیق پر حملہ اور بشام خیبر پختونخواہ میں چینی باشندوں پر خود کش حملہ شامل ہے۔ کم از کم تین ہائی پروفائل حملوں میں چین سے جڑے مفادات کو براہ راست یا بالواسطہ نشانہ بنایا گیا۔

مارچ میں سب سے زیادہ جنگجو حملے خیبر پختونخواہ کے settled اضلاع میں ہوئے جہاں مجموعی حملوں کے پچاس فیصد (27) ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں 31 اموات ہوئیں اور اتنی ہی تعداد میں زخمی ہوئے۔ دوسرے نمبر پر بلوچستان رہا جس میں 16 حملے ہوئے جن کے نتیجے میں 26 افراد مارے گئے اور 21 زخمی ہوئے۔مزید برآں، خیبر پختونخواہ کے قبائلی اضلاع (سابقہ فاٹا) میں 11 حملے ریکارڈ کیے گئے، جن میں 18 افراد مارے گئے اور 15 زخمی ہوئے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور پنجاب میں ایک ایک حملہ ہوا جس کے نتیجے میں بالترتیب ایک سیکیورٹی اہلکار اور ایک شہری مارا گیا۔ پاکستان انسٹیٹیوٹ فار کانفلکٹ اینڈ سیکیورٹی سٹڈیز کے ڈیٹا بیس کے مطابق 2024 کی پہلی سہ ماہی میں پاکستان میں کل 246 جنگجو حملے ہوئے جن کے نتیجے میں 254 افراد مارے گئے اور 320 زخمی ہوئے۔ 2023 کی آخری سہ ماہی کے مقابلے میں عسکریت پسندوں کی سرگرمیوں میں 58 فیصد کا نمایاں اضافہ ہوا ہے، جس کے نتیجے میں ہونے والی اموات میں 20 فیصد اضافہ اور زخمیوں میں 29 فیصد اضافہ ہوا ہے۔