مالدیپ کی طرح بنگلہ دیش میں بھی’’ انڈیا آئوٹ‘‘ مہم

منگل 2 اپریل 2024 13:30

ڈھاکہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اپریل2024ء) مالدیپ کے بعد بنگلہ دیش میں بھی حزب اختلاف ’’انڈیا آئوٹ ‘‘ کی مہم چلارہی ہے تاکہ بنگلہ دیش میں بھارت کے اثرورسوخ کو مکمل طورپر ختم کیا جائے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بنگلہ دیش میں حزب اختلاف کی جماعت بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی مالدیپ کی طرز پر ’’انڈیا آئوٹ‘‘مہم چلا رہی ہے اورلوگوں سے بھارتی مصنوعات کے بائیکاٹ کی اپیل کر رہی ہے۔

یہ جماعت بنگلہ دیش میں بھارت مخالف اور ہندو مخالف ماحول بنا رہی ہے اور سوشل میڈیا پربھی بھارت کے خلاف بھرپورمہم چلارہی ہے۔ بی این پی کے سرکردہ رہنما جنرل روح کبیر رضوی نے حال ہی میں انڈیا آئوٹ مہم کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت بنگلہ دیش کے لوگوں کے ساتھ نہیں ہے بلکہ عوامی لیگ یعنی شیخ حسینہ کی پارٹی کی حمایت کرتا ہے۔

(جاری ہے)

بنگلہ دیش کی وزیر اعظم شیخ حسینہ اپوزیشن جماعتوں کی’’انڈیا آئوٹ ‘‘مہم پر تنقید کررہی ہے۔

بنگلہ دیش میں حالیہ عام انتخابات میں شیخ حسینہ کی جماعت عوامی لیگ نے یکطرفہ طور پر کامیابی حاصل کی کیونکہ اپوزیشن نے انتخابات کا بائیکاٹ کیا تھا۔ حزب اختلاف کا کہنا ہے کہ شیخ حسینہ بھارتی مداخلت کی وجہ سے انتخابات جیت رہی ہیں۔ بنگلہ دیش میں بھارت مخالف جذبات تیزی سے بڑھ رہے ہیں اور گزشتہ سال 19نومبر کو عالمی کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے دوران آسٹریلیا کے ہاتھوں بھارت کی شکست پر بنگلہ دیش میں جشن کا سماں اس کی ایک مثال ہے ۔ ڈھاکہ یونیورسٹی کیمپس میں ہزاروں افراد جمع ہوئے اور بھارتی ٹیم کے خلاف نعرے لگائے۔ بنگلہ دیش میں اپوزیشن کی طرف سے’’انڈیا آئوٹ ‘‘ مہم چلائے جانے پربھارت میں تشویش بڑھتی جا رہی ہے۔