ورلڈ بینک کی پی آئی اے، ریلوے، سٹیل ملز و دیگر اداروں کی نجکاری کی سفارش

عالمی بینک نے اپنی رپورٹ میں انرجی سیکٹر سمیت سرکاری اداروں میں مشکل اصلاحات پر بھی زور دیا

Sajid Ali ساجد علی منگل 2 اپریل 2024 13:43

ورلڈ بینک کی پی آئی اے، ریلوے، سٹیل ملز و دیگر اداروں کی نجکاری کی سفارش
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 02 اپریل 2024ء ) ورلڈ بینک نے پی آئی اے، ریلوے، پاکستان سٹیل ملز سمیت خسارے میں چلنے والے دیگر اداروں کی نجکاری کی سفارش کر دی۔ عالمی بینک نے پاکستان میکرو اکنامک آئوٹ لک رپورٹ میں بتایا ہے کہ مالی سال 2025ء میں پاکستان کی شرح نمو 2.3 فیصد اور مالی سال 2026ء میں 2.7 فیصد رہنے کا امکان ہے، رواں مالی سال 24-2023ء کے دوران شعبہ زراعت کی ترقی 3 فیصد تک رہ سکتی ہے، مالی سال 2025ء میں زرعی شرح نمو کم ہوکر 2.2 فیصد رہنے کا امکان ہے، مالی سال 2026ء میں زراعت کی ترقی بڑھ کر 2.7 فیصد رہنے کی پیش گوئی ہے۔

رپورٹ میں ورلڈ بینک کا کہنا ہے کہ رواں مالی سال کے دوران صنعتی ترقی کی نمو 1.8 فیصد رہنے کا امکان ہے، اگلے مالی سال 2025ء میں یہ 2.2 فیصد اور 2026ء میں 2.4 فیصد رہنے کی توقع ہے، گزشتہ سال کے مقابلے میں رواں مالی سال کے دوران بجٹ خسارہ بڑھ کر جی ڈی پی کے 8 فیصد تک رہنے کا تخمینہ ہے، شرح سود اور مہنگائی میں کمی کا انحصار پائیدار مالی استحکام پر ہے، مختلف شعبوں کوسبسڈیز، گرانٹس، قرضے معیشت کو متاثر کر رہے ہیں، حکومت کے مالی خسارے میں 18 فیصد حصہ سرکاری اداروں کا شامل ہے، سال 2022ء میں سرکاری اداروں پر ایک ہزار 303 ارب روپے کے اخراجات آئے۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ عالمی بینک نے رپورٹ میں این ایچ اے، پی آئی اے، سٹیل مل کے نقصانات کم کرنے کے علاوہ انرجی سیکٹر سمیت سرکاری اداروں میں مشکل اصلاحات پر زور دیا، توانائی کے شعبے کے ساتھ ساتھ پنشن اورسول سروس میں اصلاحات بھی ناگزیر قرار دی ہیں، آئندہ مالی سال قرضوں کی شرح 73.1 سے کم ہو کر 72.3 فیصد پر آنے کا امکان ہے، مالی استحکام کے لیے پرائمری خسارہ قابو میں رکھنا سب سے اہم قرار دیا گیا ہے۔

عالمی بینک نے یہ بھی کہا ہے کہ مالی سال 2025ء میں مالیاتی خسارہ جی ڈی پی کے 7.4 فیصد، مالی سال 2026ء میں خسارہ جی ڈی پی کے 6.6 فیصد رہنے کا امکان ہے، رواں مالی سال 24-2023 کے دوران مہنگائی کی اوسط شرح 26 فیصد رہنے کا امکان ہے، اگلے مالی سال اوسط مہنگائی مزید کم ہو کر 15 فیصد تک رہنے کی پیش گوئی ہے، مالی سال 2026 میں مہنگائی کی شرح 11.5 فیصد تک رہنے کا امکان ہے۔