تائیوان میں 25سال بعد 7.7شدت کا زلزلہ،4افرادہلاک

جاپان میں بھی زلزلے کے شدید جھٹکے،متعددعمارتیں گر گئیں،سونامی وارنگزجاری

بدھ 3 اپریل 2024 12:54

تائیوان میں 25سال بعد 7.7شدت کا زلزلہ،4افرادہلاک
ٹوکیو/تائی پے (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اپریل2024ء) تائیوان میں 7.7 شدت کا زلزلہ آیا ہے جس کے نتیجے میں متعدد عمارتیں گر گئیں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق حکام کا کہنا تھا کہ تائیوان میں زلزلے سے 4 افراد ہلاک اور 700 سے زائد زخمی ہوئے ہیں تاہم مزید ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے، 77 افراد ملبے تلے دبے ہیں۔ زلزے کے بعد تائیوان کے دارالحکومت تائی پے کے متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔

7 اعشاریہ 7 شدت زلزلے کے بعد جاپان اور تائیوان میں سونامی الرٹ جاری کیا گیا تاہم بعد میں تائیوان میں جاری کی گئی تمام سونامی وارننگز واپس لے لی گئیں۔زلزلہ پیما مرکزکے مطابق زلزلے کا مرکز ساحلی علاقے ہوالین کے قریب تھا، جبکہ اس کی گہرائی 15.5 کلو میٹر زیرِ زمین ریکارڈ کی گئی۔

(جاری ہے)

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق تائیوان میں زلزلے سے تقریبا 26 عمارتیں گر گئیں، جن میں متعدد افراد پھنسے ہوئے ہیں۔

غیر ملکی خبر ایجنسی نے بتایا کہ زلزلے کے بعد چین اور جاپان نے تائیوان کو امداد کی پیشکش کی ہے۔7 اعشاریہ 7 شدت کا زلزلہ تائیوان کے مشرقی ساحل کے قریب آیا، جس کے بعد سمندر میں 3 میٹر لہریں بلند ہوئی ہیں۔جاپان کے جزیرے اوکی ناوا میں سونامی کی وارننگ جاری کی گئی۔جاپان ایئر لائنز کے مطابق سونامی کی وارننگ والیعلاقوں کی جانب سے پروازوں کا رخ موڑ دیا گیا ۔جاپان میں زلزلے کے بعد جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، جاپانی جزیرے اوکی ناوا کے ایئر پورٹ پر فضائی آپریشن بحال ہے۔غیر ملکی خبر ایجنسی کا کہنا تھا کہ 25 سال بعد تائیوان میں آنے والا یہ شدید ترین زلزلہ ہے۔تائیوان میں 1999 میں آئے 7.6 شدت کے زلزلے میں 2400 افراد ہلاک ہوئے تھے۔