دھاندلی سے بننے والے ایم پی ایز کل ووٹرز بنے اس سے بڑی دھاندلی اور کیا ہو سکتی ہے،یاسمین راشد

سینیٹ انتخابات میں مینڈیٹ چوری کیا گیا،پی ٹی آئی خواتین کی میانوالی منتقلی کی مذمت کرتی ہوں،رہنماءپی ٹی آئی کی میڈیا سے گفتگو

Faisal Alvi فیصل علوی بدھ 3 اپریل 2024 13:28

دھاندلی سے بننے والے ایم پی ایز کل ووٹرز بنے اس سے بڑی دھاندلی اور کیا ..
لاہور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔03 اپریل2024 ء) پاکستان تحریک انصاف کی رہنماءیاسمین راشد کا کہنا ہے کہ دھاندلی سے بننے والے ایم پی ایز سینیٹ کے ووٹر بنے اس سے بڑی دھاندلی اور کیا ہوسکتی ہے ،سینیٹ انتخابات میں مینڈیٹ چوری کیا گیا۔انسداد دہشت گردی عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے رہنما تحریک انصاف ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ سن لو ہم اب بھی ڈٹ کر کھڑے ہیں۔

2 پی ٹی آئی خواتین کی میانوالی منتقلی کی مذمت کرتی ہوں، عالیہ حمزہ اور صنم جاوید کو جب سارے مقدمات میں ضمانت مل گئی تب میانوالی مقدمات میں لے گئے۔ اسلام آباد کے6 ججز کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں۔خیال رہے کہ چار روز قبل لاہورکی انسداد دہشتگردی کی عدالت میں سابق صوبائی وزیر ڈاکٹر یاسمین راشد کی 9 مئی کو شیر پاوٴ پل پر تقاریر و جلاوٴ گھیراوٴ اور مسلم لیگ نون کا آفس جلانے کے مقدمات میں درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی تھی۔

(جاری ہے)

خصوصی عدالت کے جج ارشد جاوید نے ڈاکٹر یاسمین راشد کی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کی تھی۔ انسداد دہشتگردی کی عدالت نے فریقین کے وکلاءکو دلائل کیلئے طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی تھی۔پی ٹی آئی رہنماءیاسمین راشد نے جیل سے ضمانت کی درخواستیں دائر کی ہوئی ہیں، تھانہ سرور روڈ نے رہنما پی ٹی آئی کیخلاف شیر پاوٴ پل تقریر اور جلاوٴ گھیراوٴ کا مقدمہ درج کر رکھا ہے۔

ڈاکٹر یاسمین راشد پر ماڈل ٹاوٴن میں مسلم لیگ (ن) کا آفس جلانے کا بھی الزام ہے۔اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف کی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد نے 9 مئی کے دہشت گردی کے مقدمے میں چالان کی صاف کاپیاں نہ دینے کا اقدام لاہور ہائیکورٹ میں بھی چیلنج کیا تھا۔پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹریاسمین راشد کی جانب سے دہشت گردی کے مقدمے میں چالان کی صاف کاپیاں نہ دینے کا کے خلاف ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی گئی، جس میں تفتیشی افسرسمیت دیگر کو فریق بنایا گیا تھا۔