جامعہ کراچی، ڈپٹی اسپیکرسندھ اسمبلی انتھونی نوید کی زیر قیادت 19 رکنی وفد کی وائس چانسلر ڈاکٹر خالد محمودعراقی سے ملاقات

بدھ 3 اپریل 2024 22:16

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اپریل2024ء) ڈپٹی اسپیکرسندھ اسمبلی انتھونی نوید کی زیر قیادت نیشنل لابنگ فارمینارٹی رائٹس کے 19 رکنی وفد نے بدھ کے روز جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر خالد محمودعراقی سے وائس چانسلر سیکریٹریٹ جامعہ کراچی میں ملاقات کی اور اقلیتوں کے لئے دوفیصد داخلے کاکوٹہ مختص کرنے پر مبارکبادپیش کرتے ہوئے کہاکہ مجھے خوشی ہے کہ ملک کی سب سے بڑی یونیورسٹی سے اقلیتوں کے لئے داخلے کا کوٹہ مختص کرنے کا آغاز ہوگیاہے جو لائق تحسین اور قابل تقلید ہے ،مجھے امید ہے کہ اب دیگر جامعات بھی اقلیتوں کے لئے کوٹہ مختص کرنے کے لئے جامعہ کراچی کی تقلید کریں گی اور بہت جلد ملک کی دیگر جامعات میں بھی اقلیتوں کے لئے کوٹہ مختص کیاجائے گا لیکن جامعہ کراچی کو اس میں سبقت حاصل ہوگئی ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر نیشنل لابنگ فارمینارٹی رائٹس کے اراکین نے بتایا کہ یہ پلیٹ فارم پاکستان میں اقلیتوں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے کوششوں کو یکجا کرنے کے لیے قائم کیا گیا تھااور احتجاج، دھرنے دینے یا مظاہرے کرنے کے بجائے وہ اقلیتوں کے بنیادی حقوق کے حصول کے لیے کوشاں رہتے ہیں۔یہ بات قابل فخر ہے کہ اب مذہبی اقلیتوں کے طلباء بھی ملک کی سرکردہ پبلک سیکٹر یونیورسٹیوں میں سے ایک میں داخلہ لے سکیں گے۔

جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی انتھونی نوید اور آنے والے وفد کو بتایا کہ جامعہ کراچی کی اکیڈمک کونسل نے مذہبی اقلیتوں کے لیے دو فیصد داخلہ کوٹہ پالیسی کی متفقہ طور پر منظوری دی تھی۔انہوں نے کہا کہ جامعہ کراچی ایک آزاد خیال اور ترقی پسند یونیورسٹی ہے جس نے اپنے دروازے سب کے لئے کھول رکھے ہیں نہ صرف یہ بلکہ جامعہ کراچی ذہین اور باصلاحیت طلبہ کو خصوصی فنڈز اور مستحق طلباوطالبات کو اسکالر شپ بھی فراہم کرتاہے ۔ڈاکٹر خالد عراقی نے کہا کہ بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دے کر ہی ایک پر امن اور فلاحی معاشرے کا خواب شرمندہ تعبیر کیاجاسکتاہے۔