اسلام آباد ہائی کورٹ کو ختم کرنے کی سازش ہو رہی ہے، بابراعوان

ہر رنگ کی بیوروکریسی کے گریبان پر ہاتھ پڑا ہے، جسٹس بابر ستار کے فیصلے کے بعد ہائی کورٹ کو ختم کرنے کی کوششیں تیز کر دی گئیں۔ پی ٹی آئی رہنماء کی میڈیا سے گفتگو

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 4 اپریل 2024 11:31

اسلام آباد ہائی کورٹ کو ختم کرنے کی سازش ہو رہی ہے، بابراعوان
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 04 اپریل 2024ء ) پاکستان تحریک انصاف کے وکیل رہنماء بابر اعوان کا کہنا ہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کو ختم کرنے کی سازش ہو رہی ہے، مجھے امید ہے ججز کے خط کے معاملے پر سپریم کورٹ میں فل بینچ بنے گا، فل بینچ بنا کر روزانہ کی بنیاد پر اس معاملے پر سماعت کرنی چاہیئے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اللہ نے مجھے یہ اعزاز دیا تھا 2010ء میں اسلام آباد ہائی کورٹ بنا تھا، جس کے بعد سے ہر رنگ کی بیوروکریسی کے گریبان پر ہاتھ پڑا ہے، جسٹس بابر ستار کے فیصلے کے بعد ہائی کورٹ کو ختم کرنے کی کوششیں تیز کر دی گئیں، یہ جو کچھ بھی ہو رہا ہے یہ اسی سازش کے مختلف حصے آپ کو سامنے نظر آرہے ہیں۔

سینئر وکیل کا کہنا ہے کہ ہم تاریخ ساز مزمت کریں گے جس طرح بھی اسلام اباد ہائی کورٹ کو ختم کرنے کی کوشش کی گئی، پورے ملک کی بارز اور وکلاء اسلام آباد ہائی کورٹ کا تحفظ کریں گے، اسلام آباد ہائی کورٹ کے ججز ہمارے ہیرو ہیں اور ان کا بھی تحفظ ہم کریں گے، اسلام آباد کی انتظامیہ حکومت کے مخالفین کے پیچھے لگی ہوئی ہے، اسلام آباد کے لوگوں کے حقوق کے تحفظ کرنے والی جگہ ہی پروٹیکشن سے محروم ہو گئی ہے۔

(جاری ہے)

بابر اعوان نے کہا کہ اس حکومت کے پاس کوئی پلان نہیں ہے، امید ہے جلد سپریم کورٹ میں فل بینچ بنے گا، دھمکیاں کہاں سے آتی ہیں کون دیتا ہے تمام حقائق عوام کے سامنے رکھے جائیں تاکہ چہ مگوئیاں ختم ہوں، اس کے علاوہ دنیا کی تاریخ کا بدترین کریک ڈاؤن سوشل میڈیا پر پاکستان میں آیا ہوا ہے، جس کے لیے پاکستان میں ماحول غیر محفوظ ہوتا جا رہا ہے، شرم،حیا،غیرت آنی چاہیئے حکومت کو جو کہتی ہے ہم نے سوشل میڈیا پر پابندی نہیں لگائی ہوئی لیکن انہوں نے پابندی لگائی ہوئی ہے۔